• news

پاکستان کا بھارت سے مذاکرات جاری رکھنا وقت کا ضیاع ہے: تحریک کشمیر برطانیہ

لوٹن (ثناءنیوز) تحریک کشمیر برطانیہ کے سینئر نائب صدر چودھری محمد شریف نے کہا ہے کہ صدر پاکستان آصف علی زرداری کا اقوام متحدہ کا جنرل اسمبلی میں خطاب کے دوران کشمیر کا نام لینا اور اس پر بھارتی وزیراعظم اور وزیر خارجہ کے ردعمل سے پاکستان کو واضح پیغام دیا گیا کہ وہ کسی فورم پر کشمیر کا نام نہیں لینا چاہئے۔ ان حالات میں بھارت کو پسندیدہ قرار دینا اور اس سے بے مقصد مذاکرات کا سلسلہ جاری رکھنا وقت ضائع کرنے کے مترادف ہے۔ بھارت کی طرف سے با ر بار اٹوٹ انگ کی رٹ مسئلہ کشمیر کے پرامن حل کے راستے میں بڑی رکاوٹ ہے۔ اپنے بیان میں تحریک کشمیر برطانیہ کے قائد نے مزید کہا کہ بھارت کے طرز عمل اور پالیسی کو مدنظر رکھتے ہوئے پاکستان کو بھی بھارت پر واضح اور دو ٹوک الفاظ میں بتانا ہو گا کہ اگر مسئلہ کشمیر کو حل نہیں کرنا تو پھر ایسے مذاکرات جاری رکھنے کا کوئی فائدہ نہیں اور بھارت کو پسندیدہ قرار دینے کا فیصلہ بھی فوراً واپس لینے کا اعلان کیا جائے تاکہ پاکستان کے بارے میں کشمیریوں کے اندر پیدا ہونے والی بے اعتمادی ختم کرنے میں مدد مل سکے۔ بھارت اپنے گناہوں پر پردہ ڈالنے کےلئے پاکستان کے خلاف دہشت گردی کے الزامات لگا رہا ہے۔

ای پیپر-دی نیشن