قصور : ناجائز چالان کرنے پر رکشہ ڈرائیوروں کا احتجاجی مظاہرہ، سڑک بلاک
قصور (نامہ نگار) سٹیل باغ رکشہ یونین کے عہدیداروں نے ٹریفک پولیس کے اضافی چالان اور ناروا رویہ کے خلاف روڈ بلاک کر کے احتجاجی مظاہرہ کیا۔ ٹریفک ایک گھنٹہ بند رہی جس پر پولیس کی بھاری نفری موقع پر پہنچ گئی۔ رکشہ یونین کے عہدیداروں کا مطالبہ تھا کہ ٹریفک پولیس کے اہلکار ناجائز طور پر جرمانے کرتے ہیں جو 5 سو روپے کا چالان ہوتا ہے حالانکہ رکشہ ڈرائیور ایک دن میں 5 سو روپے کما نہیں سکتا اور ٹریفک پولیس کا اختیارات سے تجاوز غیر قانونی اقدام ہے۔ رکشہ یونین کے عہدیداروں نے بتایا کہ ٹریفک پولیس ڈرائیوروں سے اضافی پیسے بطور رشوت وصول کرتی ہے جس کے خلاف کارروائی کی جائے۔ اے ایس پی صدر سرکل نے یقین دہانی کروائی کہ آئندہ ناجائز چالان نہیں ہوں گے۔ جس کے بعد مظاہرین نے احتجاج ختم کر دیا۔