فیروز والا میں نجی ہسپتال مالکان کی لوٹ مار جاری، محکمہ صحت خاموش
فیروز والا (نامہ نگار) کوٹ عبدالمالک اور شاہدرہ میں نجی ہسپتالوں کے مالکان نے شہریوں کو دونوں ہاتھوں سے لوٹنا شروع کر دیا۔ بتایا گیا ہے کہ بخار، معمولی چوٹ لگنے اور دیگر امراض کے مریض دوائی حاصل کرنے کے لئے قریبی نجی ہسپتالوں میں جاتے ہیں تو مالکان بھاری بل بنا کر رقم بٹورتے ہیں۔ اس سلسلے میں جب صارفین بلوں کے زیادہ وصول کرنے پر بات کرتے ہیں تو ہسپتالوں کے مالکان شہریوں کو دھمکیاں دے کر خاموش کر دیتے ہیں۔ شہریوں نے وزیراعلیٰ پنجاب اور سیکرٹری صحت پنجاب سے مطالبہ کیا ہے کہ لوٹ مار کرنے والے نجی ہسپتالوں کے مالکان کے خلاف کارروائی کی جائے۔