انتخابات مقررہ وقت پر ہونگے‘ التواءکی خبریں بے بنیاد ہیں‘ کائرہ
اسلام آباد (جاوید صدیق) وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات قمر زمان کائرہ نے کہا ہے کہ انتخابات کے التواءاور انہیں م¶خر کرنے کی باتیں بے بنیاد ہیں۔انتخابات مقررہ وقت پر ہوں گے۔ گزشتہ رات نوائے وقت سے بات چیت کرتے ہوئے قمر زمان کائرہ نے کہا کہ ان حالات میں جب عدلیہ اور میڈیا اس قدر فعال ہیں انتخابات کے التواءکے بارے میں سوچا نہیں جاسکتا۔اس سوال پر کہ پیپلز پارٹی اور اس کے موجودہ اتحادی انتخابات میں اکٹھے رہیں گے۔قمر زمان کائرہ نے کہا کہ مجھے یقین ہے کہ موجودہ اتحادی مل کر انتخابات لڑیں گے۔انہوں نے کہا کہ ہمیں مستقبل میں کئی طرح کے چیلنجوں کا سامنا ہوگا۔ہمارے ارکان کے خلاف کیس چلائے جاسکتے ہیں۔میڈیا کی طرف سے ہمیں سخت تنقید کا سامنا کرنا پڑےگا۔ ہم ان چیلنجوں سے نمٹنے کے لئے تیار ہیں۔وزیر اطلاعات نے کہا کہ نامساعد حالات کے باوجود ہم نے اپنی مدت پوری کی ہے اور عوام کی خدمت بھی کی ہے۔یہ الگ بات ہے کہ میڈیا ہماری کامیابیوں کو کوریج دینے سے گریزاں ہے۔