• news

دوہری شہریت: آج اجلاس بلا لیا، فیصلہ آئین، قانون کے مطابق ہو گا: الیکشن کمشنر

کراچی (این این آئی + ثناءنیوز) چیف الیکشن کمشنر جسٹس (ر) فخر الدین جی ابراہیم نے کہا ہے دوہری شہریت کے مسئلے پر آج الیکشن کمشن کا اجلاس اسلام آباد میں ہو گا اور جو فیصلہ بھی ہو گا وہ آئین اور قانون کے مطابق ہو گا۔ یہاں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا دوہری شہریت کے حوالے سے سپریم کورٹ کا فیصلہ موجود ہے اور الیکشن کمشن کا فیصلہ بھی اس کے مطابق ہو گا۔ الیکشن کمشن انتخابات کے لئے تیار ہے لیکن اگر اچھا الیکٹریکل سسٹم مل جاتا ہے تو وہ الیکٹرانک ووٹنگ کے لئے بھی تیار ہو سکتے ہیں لیکن اس کے لئے وقت درکار ہو گا۔ انہوں نے کہا بھارت میں صرف بائیس مقامات پر الیکٹرانک ووٹنگ ہو رہی ہے۔ امن اوامان کی صورتحال بہتر کر کے اور دھاندلی پر قابو پا کر ہی لوگوںکو ووٹ دینے کی طرف راغب کیا جا سکتا ہے۔ انہوں نے کہا دوہری شہریت کے حوالے سے ہم سپریم کورٹ کے فیصلے اور آئین کے پابند ہیں۔ الیکٹرانک ووٹر لسٹوں کے لئے فی الحال تیار نہیں۔ انہوں نے کہا ہمیں معلوم نہیں اس حوالے سے آج پارلیمنٹ کوئی فیصلہ کرنے والی ہے یا نہیں لیکن الیکشن کمشن کا اجلاس ہم نے آج طلب کیا ہے جس میں اس اہم ایشو کے حوالے سے غور کیا جائے گا۔ ہم غور کریں گے اس حوالے سے کیا اقدام ہو سکتے ہیں۔
اسلام آباد (راجہ عابد پرویز/ خبرنگار) سینٹ، قومی اور سندھ اسمبلی کے سیکرٹریوں کی طرف سے دوہری شہریت پر ارکان سے حلف نامے لینے سے انکار پر آج الیکشن کمشن کے اجلاس میں سخت اقدامات اٹھانے کا امکان ہے۔ آرٹیکل 220کے تحت سیکرٹریوں کے خلاف توہین عدالت نوٹس بھجوانے کی بھی کارروائی کی جا سکتی ہے۔ الیکشن کمشن نے دوہری شہریت پر حلف نامے جمع کرانے کی آخری تاریخ 9اکتوبر مقرر کر رکھی ہے مگر اس تاریخ میں توسیع کا بھی امکان ہے۔

ای پیپر-دی نیشن