8 اکتوبر کے زلزلہ کی ساتویں برسی پر دعائیہ تقاریب، ایک منٹ کی خاموشی
اسلام آباد + مظفر آباد (نوائے وقت نیوز + ایجنسیاں) 8 اکتوبر 2005ءکے زلزلہ کی ساتویں برسی کے موقع پر اسلام آباد، مظفر آباد اور آزاد کشمیر یونیورسٹی میں دعائیہ تقاریب کا انعقاد کیا گیا۔ ایک منٹ کی خاموشی اختیار کی گئی اور جاںبحق افراد کے ایصال ثواب کے لئے فاتحہ خوانی کی گئی۔ مظفر آباد اور آزاد کشمیر یورنیورسٹی سمیت مختلف علاقوں میں 8 اکتوبر کو آنے والے قیامت خیز زلزلہ میں جاںبحق ہونے والے افراد کی یاد میں دعائیہ تقاریب کا انعقاد کیا گیا۔ اس موقع پر ایک منٹ کی خاموشی اختیار کی گئی اور سائرن بجائے گئے۔ وزیراعظم آزادکشمیر چودھری عبدالمجید نے شہداءکی یاد گار پر پھول چڑھائے اور دعائے مغفرت کی۔ اسلام آباد میں منعقدہ دعائیہ تقریب میں ایک منٹ کی خاموشی اور فاتحہ خوانی کی گئی۔ زلزلے میں تباہ ہونے والے مارگلہ ٹاور کے باہر سول سوسائٹی، مختلف اداروں، تنظیموں کے نمائندوں اور المناک زلزلے کے دوران عمارت میں زندہ بچ جانےوالے افراد نے دعائیہ تقریب میں شرکت کی اور اس وقت عمارت کا ایک حصہ مکمل طور پر تباہ ہونے کی وجہ سے مرنےوالوں کے سوگ میں ایک منٹ کی خاموشی اختیار کی گئی اور یاد گار پر پھول رکھے گئے۔ دعائیہ تقریب میں شرکت کرنےوالے افراد کا کہنا تھا کہ ہولناک زلزلے کی تباہ کاری کے مناظر آج بھی اسی طرح تازہ ہیں۔ انہوں نے تقریب میں کسی بھی حکومتی نمائندے کی عدم شرکت پر افسوس کا اظہار کیا۔ علاوہ ازیں زلزلہ میں جاںبحق ہونے والے ایک ہی خاندان کے 10 افراد کے ایبٹ آباد میں رہائش پذیر لواحقین نے بالاکوٹ میں اپنے پیاروں کی اجتماعی قبر پر پھولوں کی چادری چڑھائی اور فاتحہ خوانی کی۔