عمران نے اپنا مارچ رکوانے کیلئے 3 بار ڈیرہ کے کمشنر سے رابطہ کیا: میاں افتخار
اسلام آباد (سلطان سکندر) خیبر پی کے کے وزیر اطلاعات میاں افتخار حسین نے کہا ہے کہ تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان نے وزیرستان امن مارچ رکوانے کے لئے تین بار کمشنر ڈیرہ اسماعیل خان سے رابطہ کیا مگر صوبائی حکومت نے کمشنر کو مارچ روکنے سے منع کر دیا اور تحریک انصاف کو فری ہینڈ دیا۔ ٹانک سے آگے مارچ کے شرکاءاور قائدین نہیں گئے چند افراد ”طے شدہ پروگرام“ کے مطابق آگے گئے جہاں سے وہ واپسی کا پیغام لے کر واپس آ گئے۔ سینیٹر زاہد خان کے صاحبزادے ڈاکٹر سلمان خان کی دعوت ولیمہ میں نوائے وقت سے بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ عمران خان کا مارچ محض سیاسی ڈرامہ تھا جو فلاپ شو ثابت ہوا، وہ اے این پی، پیپلزپارٹی اور دیگر جماعتوں کے ووٹ بینک پر اثر انداز نہیں ہو سکتے۔ مولانا فضل الرحمن نے اس لئے عمران خان کے خلاف ردعمل کا اظہار کیا کیونکہ وہ ان کے علاقے ڈیرہ اور ٹانک میں گئے تھے۔