الیکشن پیپلزپارٹی جیتے گی ‘ پنجاب میں بھی ہماری حکومت ہو گی : وزیراعظم
اسلام آباد (نوائے وقت رپورٹ + ایجنسیاں) وزیراعظم راجہ پرویز اشرف سے پیپلز پارٹی کے ارکان پنجاب اسمبلی نے ملاقات کی ان سے گفتگو کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ آئندہ الیکشن بھی پیپلز پارٹی جیتے گی اور پنجاب میں آئندہ حکومت پیپلز پارٹی کی ہو گی۔ دریں اثنا وزیراعظم راجہ پرویز اشرف سے ملائشیا کے ہائی کمشنر ڈاکٹر حصرالسین بن مجتابر نے ملاقات کی اور انہیں کراچی میں ایکسپو 2012ءمیں شریک ملائیشیا کے تجارتی وفد کی پاکستان کے ساتھ تجارت میں دلچسپی کے بارے میں آگاہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ ملائشیا کے تاجر دوبارہ پاکستان آئیں گے۔ وزیراعظم نے امید ظاہر کی کہ دونوں ملکوں کے تاجر نئے راستے تلاش کریں گے تاکہ تجارت میں توازن قائم ہو جو اس وقت ملائیشیا کے حق میں ہے۔ وزیراعظم نے کہا ہے کہ پاکستان اور ڈنمارک کے درمیان خوشگوار اور تعاون پر مبنی تعلقات ہیں، پاکستان گرین انرجی کے حصول میں گہری دلچسپی رکھتا ہے اور ونڈ انرجی پیدا کرنے میں ڈنمارک کی مہارت سے استفادے کا خواہشمند ہے۔ وزیراعظم راجہ پرویز اشرف نے وزارت پٹرولیم اور قدرتی وسائل کو ہدایت کی ہے کہ گھریلو صارفین کو گیس کی بلاتعطل فراہمی کو یقینی بناتے ہوئے موسم سرما کےلئے منصوبہ تیار کیا جائے۔ انہوں نے یہ بات وزارت پٹرولیم و قدرتی وسائل کی جانب سے دی گئی بریفنگ کے دوران کہی۔ وزیراعظم نے وزارت پٹرولیم کا دورہ کیا۔ وزیراعظم کا یہ دورہ مختلف وزارتوں اور سرکاری محکموں کی کارکردگی کا جائزہ لینے کےلئے ان کی حکمت عملی کا حصہ ہے۔ وزیراعظم نے وزارت پٹرولیم وقدرتی وسائل کو ہدایت کی کہ وزارت پانی و بجلی کے ساتھ قریبی رابطہ رکھا جائے اور اس بات کو یقینی بنایا جائے کہ تھرمل پاور پلانٹس کو فاضل ایندھن دستیاب ہو تاکہ ملک میں بجلی کی پیدوار متاثر نہ ہو۔ عوام توقع رکھتے ہیں کہ ان کو عام استعمال کی سہولیات کے حوالہ سے بااعتماد، ارزاں اور بلاتعطل خدمات میسر آئیں۔ وزارت پٹرولیم و قدرتی وسائل اور وزارت پانی و بجلی کو خدمات کی فراہمی کو بہتر بنانے کی کوشش کرنی چاہئے اور عوام کی توقعات پر پورا اترنا چاہئے۔ وزیراعظم کو بتایا گیا کہ حکومت نے گزشتہ ساڑھے چار سال کے دوران ملک میں 16 لاکھ صارفین کو 10.41 ارب روپے کی لاگت سے گیس کنکشن دیئے جبکہ 61.64 ارب روپے کی سرمایہ کاری کے ساتھ گیس نیٹ ورک میں 879 کلومیٹر ٹرانسمیشن لائنز اور 39707 کلو میٹر ڈسٹریبیوشن اینڈ سروسز لائنز کا اضافہ کیا۔ وزیراعظم نے اسلام آباد میں زیرتعمیر پٹرولیم ہاﺅس کےلئے 20 کروڑ روپے کی خصوصی گرانٹ کی منظوری دی۔ اجلاس میں وفاقی وزیر خزانہ ڈاکٹر عبدالحفیظ شیخ، وزیر پانی و بجلی چودھری احمد مختار اور دیگر سینئر حکام نے شرکت کی۔ وزیراعظم کو ایران پاکستان گیس پائپ لائن تاپی منصوبے اور ایل این جی کی درآمد کے حوالے سے اقدامات سے آگاہ کیا گیا۔