میکسیکو میں بے گھر افراد پر مشتمل ٹیموں کا سالانہ فٹبال ورلڈکپ شروع
میکسیکو (نیٹ نیوز) میکسیکو کے دارالحکومت میکسیکو سٹی میں بے گھر افراد پر مشتمل ٹیموں کے سالانہ فٹبال ورلڈکپ مقابلوں کا آغاز ہو گیا۔ 10ویں سالانہ ہوم لیس فٹبال ورلڈکپ کے مقابلوں کیلئے میکسیکو سٹی کے تاریخی پلازہ کے قریب تین سٹیڈیم بنائے گئے ہیں جن میں 5 ہزار شائقین کے بیٹھنے کی گنجائش ہے۔ 6 اکتوبر سے شروع ہونے والے اس منفرد اور دلچسپ نوعیت کے فٹبال ورلڈکپ میں دنیا بھر کے 48 ممالک سے چار، چار کھلاڑیوں پر مشتمل مردوں اور خواتین کی 62 ٹیمیں حصہ لے رہی ہیں۔ مقابلوں میں شرکت کرنے والے کھلاڑیوں کے لئے لازمی ہے کہ وہ بے گھر ہوں یا رہے ہوں اور ان کی کم سے کم عمر 16 سال ہونی چاہئے جبکہ وہ صرف ایک بار ہی اس ورلڈکپ میں حصہ لے سکتے ہیں۔ 7، 7 منٹ کے دو ہاف پر مشتمل اس ورلڈکپ کا فائنل 14 اکتوبر کو ہو گا جبکہ پچھلی بار کی چیمپئن سکاٹ لینڈ کی ٹیم اپنے اعزاز کا دفاع کرنے کی بھرپور کوشش کرے گی۔