عدالتی احکامات پر عمل، خورشید شاہ کیخلاف توہین عدالت نوٹس ختم
لاہور (اپنے نامہ نگار سے) لاہور ہائی کورٹ کے چیف جسٹس عمر عطا بندیال نے حج کوٹہ کے حوالے سے توہین عدالت کیس میں عدالتی احکامات پر عمل ہونے کے بعد وفاقی وزیر مذہبی امور سید خورشید شاہ کے خلاف توہین عدالت کا نوٹس ختم کر دیا ہے جبکہ عدالت کی جانب سے وفاقی وزارت مذہبی امور کے سیکرٹری ، ایڈیشنل سیکرٹری ، اور سیکشن آفیسر کے خلاف بھی توہین عدالت کی کارروائی ختم کر دی ہے ۔ عدالت کو بتایا گیا کہ وزارت کی طرف سے عدالتی احکامات پر عمل درآمد کرتے ہوئے چار حج ٹورز آپریٹروں کو کوٹہ جاری کر دیا ہے ۔ فاضل عدالت نے وزارت مذہبی امور میں مبینہ بے ضابطگیوں کے بارے میں دائر درخواست پر وزارت مذہبی امور سے جواب طلب کرتے ہوئے کیس کی سماعت 15روز تک کے لیئے ملتوی کر دی۔