مینگورہ : ملالہ یوسفزئی قاتلانہ حملے میںشدید زخمی ‘ طالبان نے ذمہ داری قبول کر لی
مینگورہ + پشاور (نوائے وقت نیوز + نوائے وقت رپورٹ + ایجنسیاں) مینگورہ کے علاقے گلوہ میں قاتلانہ حملے میں ستارہ جرات اور خصوصی امن ایوارڈ برائے یوتھ حاصل کرنے والی سوات کی ہونہار طالبہ ملالہ یوسف زئی شدید زخمی ہو گئیں فائرنگ سے 2 ساتھی طالبات بھی زخمی ہوئی ہیں، ملالہ یوسف زئی کی حالت تشویشناک ہے۔ ملالہ عالمی امن ایوارڈ کیلئے بھی نامزد ہوئی تھی۔ پولیس کے مطابق زخمی بچیوں کو سیدو شریف کے ہسپتال میں ابتدائی طبی امداد دی گئی۔ ملالہ کو وزیراعظم کی ہدایت پر خصوصی ہیلی کاپٹر کے ذریعے پشاور میں سی ایم ایچ ہسپتال منتقل کیا گیا۔ کالعدم تحریک طالبان نے حملے کی ذمہ داری قبول کرلی ہے ترجمان احسان اللہ احسان نے کہا کہ ملالہ کو منفی پروپیگنڈے پر نشانہ بنایا گیا ہے۔ ملالہ کے خیالات طالبان کے خلاف تھے انہوں نے امریکی صدر اوباما کی تعریف کی تھی۔ ذرائع کے مطابق نامعلوم حملہ آور نے شناخت کے بعد فائرنگ کی۔ ملالہ یوسف زئی نے سوات میں امن کیلئے اہم کردار ادا کیا۔ ملالہ یوسف زئی کو خوشحال پبلک سکول سے گھر جاتے ہوئے راستے میں فائرنگ کا نشانہ بنایا گیا اور 2 نامعلوم نقاب پوش مسلح افراد نے فائرنگ کی۔ تفصیلات کے مطابق سوات سے تعلق رکھنے والی امن ایوارڈ کیلئے نامزد نویںجماعت کی طالبہ ملالہ یوسفزئی امتحانی پرچہ دینے کے بعد گھر آ رہی تھی کہ خوشحال پبلک سکول کے قریب سکول کی گاڑی میں نامعلوم حملہ آوروں نے پہلے ملالہ یوسفزئی کے بارے پوچھاکہ آپ میں سے ملالہ یوسفزئی کون ہے اور جب اُس نے اپنی شناخت کرائی تو حملہ آور جو دوافراد بتائے جاتے ہیں نے آتشیں اسلحہ سے فائرنگ کرکے ملالہ یوسفزئی کو نشانہ بنایا فائرنگ سے ایک گولی ملالہ یوسفزئی کے سرپر لگی جبکہ 2 ساتھی طالبات بھی زخمی ہو گئیں۔ ملالہ یوسفزئی کو سیدو شریف ٹیچنگ ہسپتال سے ہیلی کاپٹرکے ذریعہ سی ایم ایچ پشاور منتقل کردیا گیا۔ پولیس ذرائع کے مطابق حملہ آور دو تھے اور وہ پیدل تھے اور حملہ آوروں کا ٹارگٹ صرف ملالہ یوسفزئی تھی۔ ڈی آئی جی مالاکنڈ رینچ اختر حیات نے میڈیا کو بتایا نامعلوم حملہ آوروں کی ٹارگٹ ملالہ یوسفزئی تھی اور حملہ دو افراد تھے اُنہوںنے مزید کہا کہ حملہ آور سیاہ اور خاکی رنگ کے کپڑوں میں ملبوس تھے، اب تک متعدد مشتبہ افراد کو حراست میں لے لیا گیا ہے۔ ادھر ملالہ یوسفزئی کے والد ضیاءالدین یوسفزئی نے مختصر بات چیت کے دوران کہا کہ ملالہ یوسفزئی کی حالت اب بہتر ہے۔ کسی سے ذاتی دشمنی نہیں ہے اور واقعہ کے بارے کچھ کہنا قبل از وقت ہے۔ ملالہ نے مشکل وقت میں تعلیم کے فروغ کیلئے کام کیا۔ ان کو ”ڈیری گرل“ کے قلمی نام سے بھی جانا جاتا ہے۔ ملالہ یوسف زئی کو یوسف رضا گیلانی کے دورحکومت میں قومی ایوارڈ برائے امن سے بھی نوازا گیا تھا، ہسپتال ذرائع کے مطابق ان کو دو گولیاں لگی ہیں جن میں سے ایک سر اور ایک گردن پر لگی۔ ملالہ یوسف زئی نے سوات میں خواتین کی تعلیم پر پابندی کیخلاف آواز اٹھائی ملالہ کی اس جرات کو ملکی اور عالمی سطح پر سراہا گیا تھا اور ایوارڈ دئیے گئے تھے۔ وزیراعظم راجہ پرویز اشرف نے کہا ہے کہ مالاکنڈ میں ایک بچی ملالہ پر حملہ کیا گیا ہے وہ پاکستان کی بیٹی ہے اس پر حملہ کرنے والی ذہنیت کو تبدیل کرنا ہو گا۔ کالعدم تنظیم کے ترجمان احسان اللہ احسان کے مطابق ملالہ نے طالبان کیخلاف منفی پروپیگنڈا کیا جس پر اسے نشانہ بنایا گیا۔ ملالہ یوسف زئی کے ساتھ زخمی ہونے والی ساتھی لڑکیوں نے انکشاف کیا ہے کہ ملالہ یوسف زئی کو شناخت کرکے گولیاں ماری گئیں۔ انہوں نے بتایا کہ ہم سکول سے گھرواپس جا رہے تھے تو ایک شخص نے گاڑی روک کر کہا کہ اس میں ہماری لڑکیاں ہیں لیکن ڈرائیور نے کہا کہ انہیں دیکھنے کی اجازت نہیں لیکن اس نے اسلحے کے زور پر ہم سے پوچھا کہ ملالہ یوسف زئی کون ہے اور شناخت کرنے پر اسے گولی مارکر بھاگ گئے اور ہم حملہ آور کے چہروں کو بھی نہیں دیکھ سکے اور نہ یہ دیکھ سکے کہ وہ کتنے ہیں۔ ملالہ یوسف زئی نے سوات میں طالبان کیخلاف فوجی آپریشن سے قبل علاقے کے حالات پر ”گل مکئی“ کے قلمی نام سے ڈائری لکھ کر شہرت حاصل کی تھی۔ بعدازاں حکومت نے انہیں بچوں کے حقوق کیلئے آواز اٹھانے پر نقد انعام اور امن ایوارڈ بھی دیا تھا۔ صدر آصف علی زرداری نے ملالہ یوسفزئی کو علاج کیلئے ائر ایمبولینس فراہم کرنے کی ہدایت کر دی۔ ترجمان ایوان صدر کا کہنا ہے کہ ملالہ کو بیرون ملک علاج کیلئے بھجوایا جائے صدر کی ہدایت کی روشنی میں تمام انتظامات کئے جا رہے ہیں۔ جبکہ وزیراعلی شہبازشریف نے پنجاب حکومت کی جانب سے ملالہ یوسفزئی کو بیرون ملک علاج کی پیشکش کی ہے جبکہ ڈاکٹروں نے بیرون ملک بھیجنے کی سفارش کر دی ہے۔ ذرائع کے مطابق سی ایم ایچ پشاورکے نیورو سرجنز پر مشتمل میڈیکل بورڈ نے ملالہ یوسفزئی کا معائنہ مکمل کر لیا ہے۔ میڈیکل بورڈ نے ملالہ کو علاج کیلئے بیرون ملک بھیجنے کی سفارش کرتے ہوئے کہا ہے کہ ان کے سر میں لگنے والی گولی ریڑھ کی ہڈی کے قریب پہنچ چکی ہے اور سوجن کے باعث فوری آپریشن ممکن نہیں ہے۔ ملالہ کو علاج کیلئے بیرون ملک بھیجا جائے تو جان بچ سکتی ہے جبکہ وزیراعلی خیبر پی کے امیر حیدر خان ہوتی نے ملالہ یوسفزئی کو بیرون ملک بھیجنے کی ہدایت کرتے ہوئے اعلان کیا ہے کہ علاج معالجے کے اخراجات صوبائی حکومت برداشت کرے گی۔ آئی ایس پی آر کے مطابق ملالہ یوسف زئی کا سی ایم ایچ میں سٹی سکین کیا گیا ہے ڈاکٹروں کا پینل ترتیب دیدیا گیا ہے۔ سی ایم ایچ پشاور میں سرجنز نے ملالہ یوسفزئی کا چیک اپ مکمل کر لیا۔ میڈیکل بورڈ نے ملالہ یوسفزئی کو علاج کیلئے بیرون ملک بھجوانے کی سفارش کی ہے۔ بورڈ کا کہنا ہے کہ ملالہ کو بیرون ملک علاج کیلئے بھیجیں تو جان بچ سکتی ہے جبکہ رحمن ملک نے ہدایت کی ہے کہ ملالہ یوسف زئی کی بیرون ملک علاج کیلئے انتظامات کئے جائیں گے۔ وزیر اطلاعات خیبر پی کے میاں افتخار حسین نے کہا ہے کہ ملالہ یوسفزئی کے بیرون ملک علاج کیلئے تیار ہیں ڈاکٹرز ابھی ملالہ کی طبیعت کا جائزہ لے رہے ہیں۔ سی ایم او سیدو شریف ٹیچنگ ہسپتال ڈاکٹر فضل سبحان کے مطابق دیگر دو زخمیوں میں کائنات کودائیں ہاتھ جبکہ شازیہ رمضان کو بائیں کندھے اور بازو پر گولی کے زخم آئے ہیں۔ دونوں کی حالت خطرے سے باہر ہے۔ ملالہ پر قاتلانہ حملہ کیخلاف سوات پرائیویٹ سکول ایسوسی ایشن نے آج تمام تعلیمی ادارے بند رکھنے کا اعلان کیا ہے۔ ملالہ پر حملے کی ایف آئی آر تھانہ سیدو شریف میں درج کر لی گئی ہے۔ نجی ٹی وی کے مطابق نیورو سرجنز کی ایک ٹیم آج پشاور پہنچے گی۔ سیکرٹری ہیلتھ خیبر پی کے اشفاق خان نے کہا ہے کہ میڈیکل بورڈ ملالہ یوسف زئی کا آج دوبارہ معائنہ کرے گا۔ آرمی کے سینئر نیورو سرجنز کی ٹیم بھی شریک ہو گی۔ آرمی کے سینئر نیورو سرجنز کی ٹیم آج راولپنڈی سے پشاور پہنچے گی۔ ڈاکٹروں کا کہنا ہے کہ ملالہ یوسف زئی کی زندگی کے آئندہ 3 سے 4 روز اہم ہیں بی بی سی کے مطابق ملالہ پر حملے کے بعد مینگورہ شہر میں سکتے کا عالم ہے اور لوگوں میں غم و غصے کے جذبات ہیں۔علاوہ ازیں اے این پی نے ملالہ یوسف زئی پر حملے کے خلاف آج احتجاج کا اعلان کیا ہے جبکہ حکومت نے ملالہ کو باہر بھیجنے کا اعلان کیا ہے، فیصلہ آج میڈیکل بورڈ کرے گا۔ علاوہ ازیں ایس ایس پی سوات رسول شاہ نے کہا ہے کہ ہم نے ملالہ اور اس کے والد کو سکیورٹی دینے کی آفر کی تھی۔ سرچ آپریشن میں اب تک 25 مشتبہ افراد کو گرفتار کر لیا ہے۔ علاوہ ازیں ارفع کریم رندھاوا کی موت کے بعد قوم کی ہونہار بیٹی ملالہ یوسف زئی پر قاتلانہ حملے نے پوری قوم کو افسردہ کر دیا۔ ہر طبقے سے تعلق رکھنے والے افراد نے اس واقعہ کی شدید مذمت کی اور ملالہ کی صحت یابی کے لئے دعائیں مانگی جاتی رہیں۔ واضح رہے کہ ملالہ یوسف زئی کو حال ہی میں ہالینڈ کی بین الاقوامی تنظیم کڈز رائٹس کی طرف سے اس سال انٹرنیشنل چلڈرن پیس پرائس کے لئے نامزد کیا گیا، وہ پہلی پاکستانی کمسن لڑکی ہیں جنہیں اس ایوارڈ کے لئے نامزد کیا گیا۔علاوہ ازیں وزیر اعلیٰ پنجاب شہباز شریف نے ملالہ یوسف زئی کے بھائی محمود الحسن کو ٹیلی فون کیا اور ملالہ کی صحت کے بارے میں دریافت کیا۔ انہوں نے کہا کہ ملالہ یوسف زئی کے بہترین علاج معالجہ کے تمام اخراجات پنجاب حکومت برداشت کرے گی۔
ملالہ قاتلانہ حملہ