وزیراعظم کا ملالہ کے والد، نواز شریف کا بھائی کو فون، خیریت دریافت کی
لاہور+ اسلام آباد (خصوصی رپورٹر+ نوائے وقت رپورٹ) وزیراعظم راجہ پرویز اشرف نے ملالہ یوسفزئی کے والد کو ٹیلی فون کیا اور ملالہ یوسفزئی کی خیریت دریافت کی۔ جبکہ مسلم لیگ (ن) کے صدر نواز شریف نے ملالہ یوسفزئی کے بھائی محمود الحسن کو فون کیا اور ملالہ کی خیریت دریافت کی۔ دونوں رہنما¶ں نے حملہ کی شدید مذمت کی۔ نجی ٹی وی کے مطابق وزیراعظم نے کہا کہ ملالہ کے علاج کے اخراجات حکومت برداشت کرے گی۔ راجہ پرویز اشرف نے ملالہ اور اس کی ساتھیوں پر حملے پر تشویش کا اظہار کیا اور وزیراعظم نے مخدوم امین فہیم کو فوری طور پر سی ایم ایچ پشاور جانے کی ہدایت کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت ملالہ کے علاج معالجے میں کوئی کسر اٹھا نہیں رکھے گی اور جہاں سے ممکن ہوا علاج کرایا جائے گا۔ جبکہ نواز شریف نے ملالہ یوسف زئی کے بھائی محمود الحسن سے فون پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ملالہ یوسف زئی کی جلد صحتیابی کیلئے دعا گو ہیں۔ مشکل کی اس گھڑی میں وہ اور پوری قوم ملالہ کے ساتھ کھڑی ہے۔ حملہ کرنے سے انہیں ان کے مشن سے نہیں ہٹایا جا سکتا۔ ملالہ یوسفزئی پر پاکستان کو فخر ہے وہ امن اور تعلیم کی سفیر ہیں۔ نواز شریف کی جانب سے ڈاکٹر آصف کرمانی کے جاری کردہ اعلامیے میں مزید کہا گیا ہے کہ پوری قوم ملالہ یوسفزئی اور دیگر بچیوں کی جلد صحت یابی کے لئے دعاگو ہے۔لندن (مانیٹرنگ ڈیسک) متحدہ کے قائد الطاف حسین نے ملالہ یوسفزئی کے بھائیوں محمود الحسن یوسفزئی اور مبشر یوسفزئی سے فون پر رابطہ کیا اور ملالہ کی خیریت دریافت کی۔ انہوں نے کہا کہ میں اور میرے تمام ساتھی ملالہ کی زندگی کیلئے دعا کر رہے ہیں اور مشکل کی گھڑی میں آپ کے ساتھ ہیں۔ الطاف حسین نے کہا ہے کہ ملالہ یوسفزئی کی صحت اور زندگی کیلئے پوری قوم دعا کرے۔ حملہ ملالہ یوسف زئی پر نہیں پوری انسانیت پر ہے۔