ٹی ٹونٹی ویمن ایشیا کپ‘ 15 رکنی قومی سکواڈ کا اعلان
لاہور (سپورٹس رپورٹر) پاکستان کرکٹ بورڈ نے رواں ماہ چین میں منعقد ہونے والے ٹی ٹونٹی ویمن ایشیا کپ ٹورنامنٹ کے لئے 15 رکنی قومی سکواڈ کا اعلان کر دیا ہے جس کا تربیتی کیمپ 15 سے 20 اکتوبر تک کنٹری کلب مریدکے میں منعقد ہوگا۔ پاکستان کرکٹ بورڈ نے حتمی سکواڈ کے علاوہ پانچ ریزرو کھلاڑیوں کو بھی اعلان کیا ہے جنہیں کیمپ میں شرکت کی ہدایت کی گئی ہے۔ اے سی سی ویمن ٹی ٹونٹی ایشیا کپ 22 اکتوبر سے یکم نومبر تک چین کے شہر گوانگ زو میں کھیلا جائیگا۔ اعلان کردہ کھلاڑیوں میں ثنا میر (کپتان)، بسمہ معروف، نین فاطمہ عابدی، جویریہ ودود، ندا راشد ڈار، مارینا اقبال، سیدہ بتول فاطمہ (وکٹ کیپر)، قنیطو جلیل، اسماویہ اقبال کھوکھر، ربیعہ شاہ، مریم حسن شاہ، سعدیہ یوسف، ناہیدہ بی بی، سمعیہ صدیقی اور جویریہ روف شامل ہیں جبکہ پانچ ریزرو کھلاڑیوں میں ایلزبتھ برکات، معصومہ جنید، زیبا منظور، ثانیہ اقبال اور سدرہ امین شامل ہیں۔ ٹورنامنٹ میں آٹھ ٹیمیں حصہ لے رہی ہیں جنہیں دو گروپس میں تقسیم کیا گیا ہے۔ گروپ اے میں ہانگ کانگ، پاکستان، بھارت اور تھائی لینڈ جبکہ گروپ بی میں بنگلہ دیش، چائینہ، نیپال اور سری لنکا شامل ہیں۔ پاکستان ٹیم ٹورنامنٹ میں پہلا میچ 24 اکتوبر کو تھائی لینڈ کے خلاف کھیلے گی۔ اس کا دوسرا میچ 27 اکتوبر کو ہانگ کانگ جبکہ 28 اکتوبر کو روایتی حریف بھارت کے خلاف مدمقابل ہوگی۔