عقل کے اندھے گانٹھ کے پورے
مکرمی! کچھ دنوں سے ایک نجی نیوز چینل پر کوئی صاحب غلط تاریخی واقعات پیش کر رہا ہے اور ناظرین کے جذبات کو زخمی کر رہا ہے یورپ کی مختلف یونیورسٹیوں کے فوٹو اور اسلامی براعظم پاک و ہند کی عمارات دکھا کر تبصرہ کرتا ہے کہ جب یورپ میں تعلیمی ادارے بن رہے تھے تو براعظم پاک و ہند اور اسلامی ممالک میں عشق و محبت کی خاطر عمارتیں بن رہی تھیں۔ قلعے اور مسجدیں تعمیر ہو رہے تھے۔ اس ناسمجھ کی تاریخ سے واقفیت نہیں ہے کہ جب مسلمانوں نے علم و ادب اور سائنس میں ترقی کی تو یورپ جہالت کی تاریکی میں گھرا ہوا تھا اور یورپ نے اسلامی علم و ادب اور سائنس پڑھ کر ترقی کی۔ اس کا اعتراف خود پوری تاریخ نویسیوں نے کیا ہے۔ یہ صاحب کسی اسلامی تاریخ سے رجوع کرے۔ نظریہ پاکستان اور اسلام کی جڑیں نہ کاٹے۔ اس نالائق کی طرح تاریخ ماننے والے ہر دور میں پیدا ہوتے رہے ہیں اور اسلام اور اسلامی تہذیب و تمدن کو نقصان پہنچاتے رہے ہیں۔ براہ مہربانی ایسے لوگوں کی خبر لیں۔بہت مہربانی ہو گی۔(شبیر احمد اختر، بیت شبیری مکان23ہمایوں سٹریٹ1،امیر روڈ بلال گنج لاہور)