تاجروں نے سنی اتحاد کونسل کے تحفظ ناموس رسالت ٹرین مارچ کی حمایت کر دی
لاہور (خصوصی نامہ نگار) سنی اتحاد کونسل پاکستان کے چیئرمین صاحبزادہ فضل کریم نے کہا ہے کہ ”تحفظ ناموس رسالت ٹرین مارچ“ کی تیاریاں مکمل ہو گئی ہیں، مارچ تیزگام کے ذریعے 14 اکتوبر کی شام کراچی سے شروع ہو کر 15 اکتوبر کی رات راولپنڈی میں ختم ہو گا۔ اس موقع پر تاجر رہنماﺅں نے سنی اتحاد کونسل کے ٹرین مارچ کی حمایت اور بھرپور شرکت کا اعلان کیا۔ پریس کانفرنس میں شرکت کرنے والے تاجروں میں انجمن تاجران لاہور کے صدر میاں طارق فیروز، لاہور کے جنرل سیکرٹری حاجی طاہر نوید، انجمن تاجران پنجاب کے جنرل سیکرٹری میاں شاہد گوگی، سینئر نائب صدر میاں خلیل عبیر، حافظ رضوان بٹ، اسلم رضا بٹ، ظہیر بابر، میاں سعید، چودھری ایوب، نعیم بادشاہ، عامر خان، حاجی غلام رسول، ملک ناظم، ملک مقصود اور دیگر شامل تھے۔ اس موقع پر تاجر رہنماﺅں نے کہا کہ پنجاب بھر کے تاجر ہر ریلوے سٹیشن پر تحفظ ِ ناموسِ رسالت ٹرین مارچ کا بھرپور استقبال کریں گے۔ اس موقع پر صاحبزادہ فضل کریم نے کہا کہ سنی اتحاد کونسل 17 اکتوبر کو لاہور میں گستاخانہ فلم کے خلاف ناصر باغ تا اسمبلی ہال تحفظ ِ ناموسِ رسالت ریلی نکالے گی۔ انہوں نے کہا سنی اتحاد کونسل ایم ایم اے کا حصہ نہیں بنے گی۔ پریس کانفرنس میں سنی اتحاد کونسل لاہور کے صدر مفتی محمد حسیب قادری، ٹریڈر ونگ کے چیئرمین شیخ اظہر سہیل، مرکزی سیکرٹری اطلاعات محمد نواز کھرل، پیر طارق ولی چشتی، صاحبزادہ سید صابر گردیزی، معین الحق علوی، مولانا قاری مختار احمد صدیقی بھی موجود تھے۔