• news

میچ فکسنگ سکینڈل : آئی سی سی نے تحقیقات مکمل ہونے تک 6 امپائرز کو معطل کردیا

لاہور + کولمبو (سپورٹس رپورٹر + نوائے وقت نیوز + ایجنسیاں) مبینہ میچ فکسنگ سکینڈل میں پاکستان، سری لنکا اور بنگلہ دیش کے 6 امپائرز کو قومی اور بین الاقوامی میچز سپروائز کرنے سے روک دیا گیا ہے۔ آئی سی سی اور ممبر بورڈ اس بات پر متفق ہو گئے ہیں کہ بھارتی ٹی وی پر نشر ہونے والی ویڈیو فلم جس میں تین ممالک کے امپائرز کو میچ فکسنگ پر گفتگو کرتے ہوئے دکھایا گیا تھا ان تمام امپائرز کو کسی بھی قومی اور بین الاقوامی میچز میں امپائرنگ ڈیوٹی نہ دی جائے۔ چھ امپائرز جن کے بارے میں ویڈیو ٹیپ منظر عام پر آئی ہے آئی سی سی کنٹریکٹ میں نہیں ہیں لہٰذا ان کے متعلقہ بورڈز فوری طور پر معاملہ کی تحقیقات کا آغاز کریں گے۔ واضح رہے کہ پاکستان کرکٹ بورڈ نے ویڈیو ٹیپ منظر عام پر آنے کے 48 گھنٹے گذرنے کے باوجود اپنے امپائرز کے خلاف کسی قسم کا کوئی ایکشن نہیں لیا اور نہ ہی فوری طور پر ان کو ڈومیسٹک کرکٹ سے معطل کر کے تحقیقات کرنے کا اعلان کیا۔ آئی سی سی اینٹی کرپشن یونٹ کے افسر ای ایس ورک کے مطابق بھارتی ٹی وی کو بغیر ایڈٹ ویڈیو فراہم کرنے کا کہا گیا ہے۔ کھلاڑی ہو یا آفیشل آئی سی سی کرپشن برداشت نہ کرنے کی پالیسی پر قائم ہے۔ دوسری جانب بھارتی بورڈ کے نائب صدر راجیو شکلا نے کہا ہے کہ بی سی سی آئی تنازعہ میں ملوث نہیں۔ تحقیق آئی سی سی کی ذمہ داری ہے، بنگلہ دیش اور سری لنکا کے امپائرز کا کہنا ہے کہ سکینڈل بھارتی سازش ہے، بنگلہ دیشی کرکٹ بورڈ نے معاملے کی تحقیقات کا حکم دے دیا ہے۔دونوں پاکستانی امپائر تاحال آئی سی سی کی جانب سے پابندی سے بے خبر ہیں، ان کا کہنا تھا کہ پی سی بی نے انہیں براہ راست کوئی ہدایات نہیں دیں کہ آیا انہوں نے ڈومیسٹک کرکٹ کے اگلے میچز میں فرائض انجام دینا ہیں یا نہیں۔
 

ای پیپر-دی نیشن