• news

50 مشتبہ افراد گرفتار،حملہ آوروں کی شناخت ہوگئی‘ نہیں چھوڑینگے: رحمن ملک

پشاور(نوائے وقت نیوز+ ایجنسیاں) قانون نافد کرنے والے اداروں نے ملالہ یوسفزئی پر قاتلانہ حملے کے واقعہ کی تحقیقات شروع کر دی ہیں اور سکول کے چوکیدار سمیت 50 مشتبہ افراد کو حراست میں لے لیا ہے۔ وفاقی وزیر داخلہ رحمٰن ملک نے کہا ہے کہ ملالہ یوسف زئی پر فائرنگ کرنے والوں کی شناخت ہوگئی ہے۔ حملہ آوروں کو گرفتار کرکے قرار واقعی سزادیں گے۔رحمٰن ملک نے کہا کہ دہشت گرد کہیں بھی فرار ہوجائیں ہم گرفتار کرلیںگے۔ ہمیں پتہ ہے دہشت گرد کتنے دن پہلے سوات آئے۔ دہشت گردوں کے ہاتھوں سب سے زیادہ مصیبتیں اس خطے نے اٹھائیں۔خیبر پی کے کا کوئی گھر ایسا نہیں جو دہشت گردی سے متاثر نہ ہوا ہو۔میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے رحمٰن ملک نے کہا کہ دہشت گردوں نے پختون قوم کو ڈرانے کی کوشش کی جو ناکام ہوئی کالعدم تحریک طالبان کو سپورٹ کرنے والے اب تو ان کی مدد کرنا چھوڑ دیں۔ حملہ کرنے والوں نے مغرب کے ہتھیار استعمال کئے۔ میری زندگی ملالہ کو لگ جائے۔ ملالہ کو بیرون ملک علاج کیلئے بھیجنے کا فیصلہ موخر کردیا ہے۔ اگر میڈیکل بورڈ نے کہا تو ملالہ کو بیرون ملک منتقل کیا جائیگا۔ انہوں نے کہا کہ ملالہ پر حملہ کرنے والوں کی کوئی بھی معلومات ہوں تو فراہم کریں۔ افغان صدر سے شکائت کی ہے کہ وہاں سے آنے والے دہشت گردوں کو روکاجائے۔

ای پیپر-دی نیشن