34 تحصیل سپورٹس آفیسرز ڈسٹرکٹ کوچز کنٹریکٹ کی سولی پر لٹک گئے
لاہور (سپورٹس رپورٹر) سپورٹس بورڈ پنجاب نے عرصہ دراز سے کنٹریکٹ پر کام کرنے والے 34 تحصیل سپورٹس آفیسرز اور ڈسٹرکٹ کوچز کو ریگولر کرنے کی بجائے مزید سال کنٹریکٹ کی سولی پر لٹکا دیا ہے۔ نیا کنٹریکٹ حاصل کرنے والوں میں 29 ٹی ایس اوز اور پانچ کوچز شامل ہیں۔ حکومت پنجاب کے دیگر محکموں میں کنٹریکٹ پر کام کرنے والے تمام ملازمین ریگولر ہو چکے ہیں جبکہ سپورٹس بورڈ پنجاب میں کام کرنے والے ملازمین کا مستقبل تاحال سوالیہ نشان بنا ہوا ہے جس کی بڑی وجہ سپورٹس بورڈ پنجاب میں تعینات افسران کی عدم دلچسپی ہے۔ گذشتہ سال ملازمین نے اپنے حقوق کی خاطر مقامی عدالت سے بھی رجوع کیا تھا جس پر عدالت نے احکامات جاری کئے تھے کہ دیگر ریگولر ہونے والے ملازمین کی طرح سپورٹس بورڈ پنجاب کو مستقل کرنے کے لئے لائحہ عمل بنایا جائے۔ چیف سیکرٹری پنجاب کی جانب سے ایک کمیٹی بنائی گئی تھی وہ بھی سپورٹس بورڈ پنجاب، محکمہ جنگلات اور محکمہ سیاحت پنجاب میں کنٹریکٹ پر کام کرنے والے ملازمین کی دادرسی نہیں کر سکی تھی۔ گذشتہ روز سپورٹس بورڈ پنجاب میں کام کرنے والے ملازمین کو مزید ایک سال کا کنٹریکٹ دیکر معاملہ کہ لٹکا دیا گیا۔ ایک سال کا کنٹریکٹ حاصل کرنے والے تحصیل سپورٹس افسران میں اظہر محمود، تنویر عباس، عاصم ندیم ورک، رانا ندیم عامر، شفقت رسول، مقبول احمد، نوید عباس بیگ، محمد عظم سردار، مس عائشہ سلیم، سید نجیم احسان، ساجد حسین، محمد عمران، ساجد اﷲ خان، صائمہ منظور، ندیم نعیم، محمد ممتاز خان، عصمت اﷲ خان، امیر حسین، چوہدری فاروق لطیف، عمران حسین، محمد ارشد، محمد حفیظ، نور خان قیصرانی، فیصل ہمایوں، عاصم نواز بھٹی، مس یاسمین اختر، فواد انور، محمد اسلم، شاہد حمید جبکہ کوچز میں اسد جواد رانا، سید اسلم حسین، پرویز رمضان، پرویز اختر اور محمد اشرف جاوید شامل ہیں۔