پاکستان نے الراشد انٹرنیشنل والی بال ٹورنامنٹ میں چاندی کا تمغہ جیت لیا
اسلام آباد (اے پی پی) پاکستان نے الراشد انٹرنیشنل والی بال ٹورنامنٹ میں چاندی کا تمغہ جیت لیا۔ پاکستان نے آخری لیگ میچ میں انڈونیشیا کو شکست دے کر یہ اعزاز حاصل کیا۔ تیونس کی ٹیم طلائی اور تھائی لینڈ کانسی کا تمغہ جیتنے میں کامیاب رہی۔ دبئی میں منعقدہ ٹورنامنٹ میں پاکستانی ٹیم نے انتہائی شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کیا، پاکستانی ٹیم نے متحدہ عرب امارات، سعودی عرب تھائی لینڈ اور انڈونیشیا کی ٹیموں کو شکست فاش سے دو چار کر کے ایونٹ میں چاندی کا تمغہ جیتنے کا اعزاز حاصل کیا۔ پاکستان نے ایونٹ میں پانچ میچ کھیلے، چار جیتے اور ایک میں اسے شکست کا سامنا کرنا پڑا اور دوسری پوزیشن کے ساتھ چاندی کا تمغہ حاصل کرنے میں کامیاب رہی۔ پاکستان والی بال فیڈریشن کے صدر چوہدری محمد یعقوب نے ایونٹ میں ٹیم کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان والی بال کا مستقبل روشن ہے لیکن اس کےلئے ہمیں حکومت کے تعاون، سپانسرز اور ماہر کوچز کی ضرورت ہے۔