• news

سانحہ بلدیہ کے متاثرہ یتیم بچوں کے تعلیمی اخراجات پورے کرینگے‘منور حسن

کراچی (خصوصی رپورٹر) جماعت اسلامی کے تحت سانحہ بلدیہ فیکٹری میں شہید ہونے والے افراد کے لواحقین میں امدادی چیک تقسیم کرنے کی تقریب ادارہ نور حق میں منعقد کی گئی۔ تقریب میں200 سے زائد خاندانوںمیں50 لاکھ روپے مالیت کے امدادی چیک تقسیم کئے گئے اور یتیم ہونے والے بچوں کے میٹرک تک تعلیمی اخراجات اٹھانے اور جماعت اسلامی کے تعلیمی ادارے جامعتہ المحصنات میں بچیوں کو مفت تعلیمی سہولیات فراہم کرنے کا اعلان کیا گیا۔ جماعت اسلامی پاکستان کے امیر سید منور حسن نے متاثرہ خاندانوں میں امدادی چیک تقسیم کئے۔ تقریب سے جماعت اسلامی کراچی کے امیر محمد حسین محنتی اور سیکرٹری نسیم صدیقی نے خطاب کیا۔اس موقع پر جماعت اسلامی کراچی کے نائب امراءبرجیس احمد‘ حافظ نعیم الرحمٰن‘ نصراللہ خان شجیع‘ سید اقبال‘ ضلعی امرائ‘ راجہ عارف سلطان‘ اسحاق خان اور دیگر بھی موجود تھے۔ اس موقع پر منور حسن نے کہا کہ سانحہ بلدیہ سے سازش کی بو آتی ہے جتنے بڑے پیمانے پر تباہی ہوئی اس کی مثال نہیں ملتی۔ اس سانحے کے نتیجے میں بے سہارا ہونے والے خاندانوں کی امداد کے لئے پیپلز پارٹی اور متحدہ نے کچھ نہیں کیا۔ ایک مہینہ گذرنے کے باوجود ابھی تک تفتیش اور تحقیقات کے نتائج عوام کے سامنے نہیں لائے گئے۔ انہوں نے اعلان کیا کہ جماعت اسلامی سانحہ بلدیہ میں شہید ہونے والے افراد کے یتیم بچوں کے میٹرک تک تعلیمی اخراجات پورے کرے گی۔ محمد حسین محنتی نے کہا کہ سانحہ بلدیہ ملک کی تاریخ کا بدترین واقعہ ہے حکومت اور وسائل کے باوجود قیمتی انسانی جانوں کا اتلاف لمحہ فکریہ ہے۔ نسیم صدیقی نے کہا کہ جماعت اسلامی سانحہ بلدیہ کے متاثرہ خاندانوں کو تنہا نہیں چھوڑ کی۔

ای پیپر-دی نیشن