وفاقی حکومت کی کرپشن زبان زدعام ہے، الزام لگانے کی ضرورت ہی نہیں: زعیم قادری
لاہور (خصوصی رپورٹر) وزیراعلیٰ پنجاب کے معاون خصوصی سید زعیم حسین قادری نے کہا ہے پیپلزپارٹی اور اس کے اتحادیوں کی کرپشن کی داستانیں زبان زدعام ہیں۔ گورنر کھوسہ خوا مخواہ پریشان ہو رہے ہیں اس معاملے میں کسی کو الزام لگانے کی ضرورت ہی نہیں۔ گورنر کھوسہ کے بیان پر تبصرہ کرتے ہوئے سید زعیم قادری نے کہا گورنر کو اپنے کام سے کام رکھنا چاہئے اور وزیراعلیٰ اور وزیر قانون کے خلاف بیانات دینے کی بجائے پیپلزپارٹی کی کارکردگی پر غور کرنا چاہئے جس سے ملک بھر کے عوام سخت مایوس ہیں۔ انہوں نے کہا پنجاب حکومت کے خلاف گورنر لطیف کھوسہ کی بیان بازی سے ان کی ذہنی حالت کا بخوبی اندازہ ہوتا ہے جو صرف اپنی نااہلی پر پردہ ڈالنے کے لئے ایسے بیانات دے رہے ہیں جن کا حقیقت سے کوئی تعلق نہیں۔