پارلیمنٹ کے دونوں ایوانوں میں ملالہ یوسف زئی کا دن
قومی اسمبلی اور سینیٹ کے اجلاس میں سوات کی بہادر بیٹی ملالہ یوسف زئی کا دن تھا۔ دونوں ایوانوں میں معمول کی کارروائی کو روک کر دہشت گردی کا نشانہ بننے والی کم سن طالبہ ملالہ یوسف زئی کو زبردست الفاظ میں خراج تحسین پیش کیا گیا۔ قومی اسمبلی میں وقفہ سوالات معطل کر کے اس اہم معاملہ پر بحث کرائی گئی اگرچہ ملالہ پر حملے کے خلاف پورے ایوان نے متفقہ قرارداد منظور کی لیکن اپوزیشن مسلم لیگ (ن) نے ملالہ کو مناسب تحفظ فراہم نہ کرنے پر حکومت کو آڑے ہاتھوں لیا۔ وزیر داخلہ رحمن ملک سینٹ سے منظور کی جانے والی قرارداد کو کمزور قرار دیا۔ ان کا موقف تھا کہ قرارداد میں طالبان کا نام بھی شامل کیا جائے۔ چودھری نثار علی خان جنہوں نے پچھلے چار روز سے ”تخت لہور“ پر ڈیرے ڈال رکھے تھے اچانک ایوان میں آکر سرپرائز دیا۔