ملالہ راولپنڈی کے فوجی ہسپتال میں منتقل‘ دعائیں‘ ریلیاں جاری
پشاور+ راولپنڈی + لاہور (بیورو رپورٹ + نوائے وقت نیوز + ایجنسیاں + خصوصی رپورٹر + خبرنگار + خصوصی نامہ نگار + اپنے نامہ نگار سے) سوات میں دہشت گردوں کا نشانہ بننے والی ملالہ یوسف زئی کو ہیلی کاپٹر کے ذریعے راولپنڈی کے فوجی ہسپتال آرمڈ فورسز انسٹیٹیوٹ آف کارڈیالوجی میں منتقل کردیا گیا ہے۔ ملالہ کو راولپنڈی منتقل کرنے کا فیصلہ ڈاکٹروں کے ایک پینل نے کیا۔ ملالہ یوسفزئی کو گزشتہ روز سی ایم ایچ پشاور سے ایمبولینس میں قریب واقع کور ہیڈ کوارٹر کے ہیلی پیڈ لے جایا گیا جہاں سے پاک فوج کے ایک ہیلی کاپٹر کے ذریعے راولپنڈی روانہ کر دیا گیا۔ ملالہ یوسفزئی کی صحتیابی کیلئے گزشتہ روز بھی دعائیں کی گئیں اور دعائیہ تقریبات کا اہتمام کیا گیا جبکہ ریلیوں کا سلسلہ بھی جاری رہا جبکہ پنجاب، خیبر پی کے اور بلوچستان میں صوبائی حکومتوں کی طرف سے آج یوم دعا منانے کی اپیل کی گئی ہے۔ پنجاب میں یوم دعا منانے کی اپیل وزیراعلی شہباز شریف نے کی ہے۔ سندھ میں یوم دعا کل منائی جائیگی۔ گورنر خیبر پی کے مسعود کوثر نے کہا ہے کہ ملالہ یوسف زئی پر حملہ کرنیوالوں کی شناخت ہوگئی ہے۔ کرنل ڈاکٹر جنید نے کہا ہے کہ آئندہ 10 سے 15 دن ملالہ کی زندگی کیلئے بہت اہم ہیں۔نیورو سرجن ڈاکٹر ممتاز کا کہنا ہے کہ ملالہ یوسفزئی کو اگلے دو دن کیلئے وینٹی لیٹر پر رکھا گیا ہے گولی نے ملالہ کے دماغ کے کچھ حصے کو متاثر کیا ہے 70 فیصد امید ہے کہ ملالہ یوسفزئی ٹھیک ہو جائیگی آئی ایس پی آر کے مطابق ملالہ کے بہترین علاج کیلئے تمام وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں۔ وزیراعلی پنجاب محمد شہباز شریف نے قوم سے اپیل کی ہے کہ ملالہ یوسفزئی کی صحت یابی کیلئے آج جمعتہ المبارک کو یوم دعا منایا جائے جبکہ خیبر پی کے سندھ حکومت نے بھی عوام سے آج یوم دعا منانے کی اپیل کی ہے۔ بلوچستان میں بھی آج یوم دعا منایا جائے گا جبکہ راولپنڈی، اسلام آباد، جہلم، پسرور، ملکوال، سیالکوٹ میں وکلاءنے ملالہ پر قاتلانہ حملے کیخلاف ہڑتال کی اور عدالتوں کا بائیکاٹ کیا جبکہ کئی شہروں میں ملالہ پر حملہ کیخلاف احتجاج اور یلیوں کا سلسلہ بھی گزشتہ روز جاری رہا۔گزشتہ رات راولپنڈی سے آنیوالے دو سرجنوں نے ملالہ یوسف زئی کا معائنہ کیا اور کہا کہ گولی لگنے سے دماغ میں ہونیوالی سوجن کم ہو رہی ہے۔انہوں نے ملالہ کی حالت کو بہتر قرار دیا۔ خاندانی ذرائع کے مطابق ملالہ اب بھی نیم بے ہوش ہے لیکن بازوو¿ں اور ٹانگوں کی حرکت میں کچھ اضافہ ہوا ہے۔ ماہر سرجنز پر مشتمل میڈیکل بورڈ کا ایک اور اجلاس آج جمعہ کے روز پھر ہو گا جس میں ملالہ کی موجودہ حالت کا جائزہ لیا جائےگا۔ ملالہ یوسف زئی کے ڈاکٹر کہتے ہیں کہ انہیں زندگی کی پوری امید ہے لیکن دواﺅں کی بجائے اس وقت ملالہ یوسف زئی کو صرف دعاﺅں کی ضرورت ہے۔ ادھر سوات میں سکیورٹی فورسز نے تحقیقات کرتے ہوئے ملالہ یوسف زئی کے سکول کے چوکیدار، ایڈمنسٹریشن اور وین ڈرائیور کے بیان قلمبند کئے۔ ذرائع کے مطابق حملے سے 2 روز پہلے دو لڑکے ملالہ یوسف زئی کے سکول آئے تھے اور انہوں نے اپنی بہن کے داخلے سے متعلق معلومات حاصل کی تھی۔ یہ دونوں لڑکے مشتبہ قرار دئیے گئے ہیں جن کی گرفتاری کے لئے سوات کے مختلف علاقوں میں سرچ آپریشن متوقع ہے۔ خیبر پی کے میں پولیس نے چھاپے مار کر 56 افراد کو گرفتار کیا ہے تاہم پولیس کا کہنا ہے کہ ان افراد کو پوچھ گچھ کے بعد چھوڑ دیا گیا ہے۔ س یایم ایچ پشاور میں ملالہ کا آپریشن کرنے والے پاک فوج کے نیورو سرجن لیفٹیننٹ کرنل جنید نے میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ پشاور کے ماہر سرجن ڈاکٹر ممتاز کے ساتھ ملالہ یوسفزئی کا جو آپریشن کیا وہ اطمینان بخش تھا جبکہ ہم بعداز آپریشن حالت سے بھی مطمئن ہیں کرنل جنید نے کہا کہ ملالہ یوسفزئی کی حالت میں نمایاں بہتری آئی ہے تاہم وہ شدید زخمی ہوئی تھیں اور آنے والے 10 سے 15 روز بہت اہم ہیں۔ وینٹی لیٹر سپورٹ پر رکھا گیا ہے انہوں نے کہا کہ ان کی رائے کے مطابق مزید سرجیکل ضرورت نہیں تاہم انہیں راولپنڈی منتقل کرنے کا فیصلہ بہتر سہولیات کی فراہمی کے پیش نظر کیا گیا۔ راولپنڈی منتقلی کے وقت ملالہ یوسفزئی کے والدین بھی ان کے ہمراہ تھے جبکہ سی ایم ایچ سے ایمبولینس کے ذریعہ ملالہ کو ہیلی پیڈ تک لے جانے کے دوران پاک فوج کے مسلح جوان سکیورٹی کے فرائض سرانجام دے رہے تھے۔ گورنر خیبر پی کے مسعود کوثر نے کہا کہ ملالہ یوسف زئی کی طبیعت تشویشناک ہے اس لئے انہیں پشاور سے راولپنڈی منتقل کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔ ترجمان آئی ایس پی آر کے مطابق ڈاکٹرز کے پینل کے مشورے پر ملالہ یوسف زئی کو راولپنڈی منتقل کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔ کرنل ڈاکٹر جنید نے کہا ہے کہ آئندہ 10 سے 15 دن ملالہ کی زندگی کیلئے بہت اہم ہیں۔ علاوہ ازیں وزیر اعلی پنجاب شہباز شریف نے کہا ہے کہ کم سن ملالہ یوسف زئی ملک کا روشن مستقبل ہے اور میری قوم سے اپیل ہے کہ ملالہ یوسف زئی کی صحت یابی کیلئے آج (جمعة المبارک کو) یوم دعا کے طور پر منایا جائے۔ پنجاب بھرکے سرکاری دفاتر، تعلیمی اداروں، مسلم لیگ (ن) کے دفاتر، مساجد اور اقلیتوں کی عبادت گاہوں میں ملالہ یوسف زئی کی صحت یابی کیلئے خصوصی دعائیں کی جائیں گی۔ علاوہ ازیں پاکستان سنی تحریک کے زیر اہتمام ملالہ یوسفزئی پر قاتلانہ حملے کے خلاف پریس کلب کے سامنے احتجاجی مظاہرہ کیا گیا، شرکاءنے بینر اور کتبے اٹھا رکھے تھے جن پر دہشت گردوں کے خلاف نعرے درج تھے۔ اس موقع پر ملالہ یوسف زئی کی صحت یابی کیلئے خصوصی دعا بھی کی گئی۔ لیڈی رپورٹر کے مطابق تحریک انصاف کی خواتین اور پارٹی کارکنوں نے ڈاکٹر فاروق چشتی کی قیادت میں صدر کینٹ میں احتجاجی مظاہرہ کیا اور ملالہ کی صحت یابی کیلئے قرآن خوانی کا اہتمام کیا گیا۔ لاہور ہائیکورٹ کے احاطہ میں خاتون وکلاء نے ریلی نکالی انہوں نے پلے کارڈ اٹھا رکھے تھے۔ علاوہ ازیں ملالہ کی صحتیابی کیلئے داتا دربار مسجد میں خصوصی دعا کی گئی۔ علاوہ ازیں کئی تنظیموں کی جانب سے بھی ملالہ پر حملے کیخلاف احتجاج اور ریلیوں کا سلسلہ بھی جاری رہا۔ بلوچستان بھر میں بھی آج ملالہ کیلئے خصوصی دعائیں کی جائینگی جبکہ خیبر پی کے کے وزیر اطلاعات میاں افتخار حسین نے کہا ہے کہ آج سرکاری اور نجی دفاتر میں ایک منٹ کی خاموشی اختیار کی جائیگی۔ لاہور ہائیکورٹ بار کی خواتین وکلاءنے ملالہ یوسفزئی پر قاتلانہ حملے کے خلاف احتجاجی ریلی نکالی، ہائیکورٹ بار سے جی پی او چوک تک درجنوں خواتین وکلاءنے ریلی میں شرکت کی۔ وکلاء نے ہاتھوں میں پلے کارڈ اور کتبے اٹھا رکھے تھے جن پر ملالہ یوسفزئی کے حق میں نعرے درج تھے۔ مظاہرین نے معصوم طالبہ پر حملہ کرنے والوں کو گرفتار کرکے کڑی سزا دیئے جانے کا مطالبہ کیا۔ گورنر سردار لطیف کھوسہ نے گزشتہ روز پشاور میں خیبر پی کے کے گورنر بیرسٹر مسعود کوثر کے ہمراہ کمبائنڈ ہسپتال پشاور میں زیر علاج ملالہ یوسفزئی کی عیادت کی اور اس کی خیریت دریافت کی۔ اس موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے گورنر پنجاب نے کہا کہ ملالہ یوسفزئی پر حملہ انتہائی شرمناک اور بزدلانہ فعل ہے۔ ملالہ یوسفزئی قوم کی بیٹی ہے، پوری قوم یک آواز ہو کر اس سفاکانہ حملے کی پرزور مذمت کرتی ہے۔ قبل ازیں گورنر پنجاب نے گورنر ہاﺅس پشاور میں گورنر خیبر پی کے بیرسٹر مسعود کوثر سے ملاقات کی۔ گورنر پنجاب نے گورنر ہاﺅس پشاور میں ملالہ یوسفزئی اور اس کی ساتھی شازیہ کی جلد صحت یابی کے لئے منعقد کی گئی۔ کوئٹہ کے سکولوں میں بھی دعائیہ تقریبات ہوئیں، سندھ حکومت کے ترجمان کے مطابق ملالہ یوسفزئی کی صحتیابی کیلئے کل 13 اکتوبر کو یوم دعا منایا جائیگا اور سکولوں میں ملالہ کی صحت یابی کیلئے دعائیں کی جائینگی۔ ترجمان پاک فوج نے کہا ہے کہ ملالہ یوسفزئی کی سرجری کے بعد ان کی نگہداشت ضروری ہے۔ ڈاکٹرز نے ملالہ کو اے ایف آئی سی منتقل کرنے کی سفارش کی تھی میجر جنرل عاصم کے مطابق آرمڈ فورسز انسٹی ٹیوٹ آف کارڈیالوجی میں بہترین سہولیات ہیں جبکہ نیورو سرجنز کا کہنا ہے کہ ملالہ کو سر میں گولی لگنے سے جو صدمہ پہنچا ہے اس کی وجہ سے وہ ابھی تک قومہ میں ہیں اور آئندہ 48 گھنٹے بڑے اہم ہیں۔ علاوہ ازیں مسلم لیگ (ن) کی رہنما ماروی میمن نے گزشتہ سام اے ایف آئی سی راولپنڈی میں ملالہ یوسفزئی کے والد سے ملاقات کرکے ملالہ یوسفزئی کی خیریت دریافت کی۔ انہوں نے اس موقع پر نواز شریف، شہباز شریف اور پارٹی کی طرف سے ملالہ یوسفزئی کی جلد صحت یابی کے حوالے سے نیک خواہشات کا پیغام پہنچایا۔ ماروی میمن نے اس موقع پر کہا کہ ملالہ یوسفزئی اور اس کی ساتھی طالبات پر حملے کی جتنی بھی مذمت کی جائے وہ کم ہے۔ وزیر اصلاعات خیبر پی کے میاں افتخار حسین نے کہا کہ آج تمام نجی و سرکاری دفاتر دوپہر 12 بجے ایک منٹ کی خاموشی اختیار کی جائیگی اور ملکی اداروں میں ملالہ کیلئے دعا کی جائیگی۔ ڈاکٹروں نے ملالہ یوسفزئی کے علاج میں کوتاہی نہیں برتی۔ حافظ آباد سے نمائندہ نوائے وقت کے مطابق آج سرکاری دفاتر میں ملالہ کی صحت یابی کیلئے خصوصی اجتماعی دعا ہو گی سنی اتحاد کونسل کے چیئرمین صاحبزادہ فضل کریم کی اپیل پر آج ملک گیر یوم مذمت منایا جائیگا اور المناک واقعہ کیخلاف جمعہ کے اجتماعات میں مذمتی قراردادیں منظور کی جائینگی۔ این این آئی کے مطابق آئی جی پنجاب نے ملالہ پر حملے کے ملزمان کی گرفتاری کیلئے خیبر پی کے حکومت کو مدد کی پیشکش کی ہے۔ اپنے نمائندے سے کے مطابق پنجاب یونیورسٹی اکیڈمک سٹاف ایسوسی ایشن کے زیر اہتمام پروفیسرڈاکٹر لیاقت علی کی قیادت میں انڈر گریجویٹ سٹڈی سنٹر سے فیصل آڈیٹوریم تک ملالہ یوسفزئی پر حملے کے خلاف مذمتی ریلی نکالی گئی۔ اس موقع پرشعبہ کیمیکل انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی کے پروفیسر ڈاکٹر شوکت علی نے ملالہ کی صحت یابی کے لئے دعا کرائی۔ علاوہ ازیں پنجاب یونیورسٹی کے آفس کی جانب سے ایک نوٹس کے ذریعے تمام اساتذہ اور ملازمین کو کام کے دوران سیاہ پٹیاں باندھنے کی ہدایات جاری کی گئیں۔ عسکری ذرائع کے مطابق راولپنڈی کے فوجی ہسپتال میں سٹی سکین کے بعد ملالہ یوسفزئی کو انتہائی نگہداشت کے وارڈ میں داخل کرا دیا گیا ہے۔ ان کی حالت فی الحال خطرے سے باہر ہے، ملالہ کے والدین کو آرمی کے مہمان خانے میں رکھا گیا ہے۔ ملالہ یوسفزئی پر حملہ پر اقوام متحدہ کے خصوصی سفیر برائے تعلیم گورڈن براﺅن اگلے مہینے پاکستان کا دورہ کریں گے گورڈن براﺅن کا کہنا ہے کہ ملالہ یوسفزئی کی تعلیم کیلئے کی جانے والی کوششیں ضائع نہیں ہونی چاہئیں ملالہ یوسفزئی پر حملے کے بعد صدر آصف علی زرداری سے بات کی ہے۔ کراچی سے سٹاف رپورٹر کے مطابق وزیراعلی سندھ سید قائم علی شاہ نے اعلان کیا ہے کہ کل ہفتہ 13 اکتوبر کو تمام سکولوں میں یوم دعا منایا جائیگا اس موقع پر قوم کی بیٹی علم کی شمع اور عزم جدوجہد کی نشان ملالہ یوسفزئی کی جلد صحت یابی کیلئے بارگاہ ایزدی میں سربسجود ہو کر خصوصی دعائیں مانگی جائیں۔