عالمی تنظیم کا صدر بننے کے بعد کرکٹ میں کرپشن کا خاتمہ ترجیح ہو گی : مصطفی کمال
کولمبو (آئی این پی) انٹرنیشنل کرکٹ کونسل کے نامزد نائب صدر مصطفی کمال نے کہا ہے کہ عالمی تنظیم کا نائب صدر بننے کے بعد کرکٹ میں کرپشن کے خاتمہ کیلئے ٹھوس اقدامات میری اولین ترجیح ہو گی۔ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ آئی سی سی کی نائب صدارت کیلئے نامزدگی نہ صرف میرے لئے بلکہ پوری بنگلہ دیشی قوم کیلئے اعزاز کی بات ہے انہوں نے کہا کہ آئی سی سی کے انسداد بدعنوانی وسیکورٹی یونٹ کو مزید فعال بنانے کیلئے ٹھوس اقدامات کئے جائیں تاکہ شریفوں کے اس کھیل کو داغدار ہونے سے بچایا جاسکے۔ ان کا کہنا تھا کہ بنگلہ دیش کی ٹیم آئندہ برس بھارت کا پہلا مکمل دورہ کرے گی جس کے حوالے سے بھارتی حکام نے یقین دہانی کرا دی ہے۔ مصطفی کمال نے کہا کہ پاکستان سے دوستانہ تعلقات ہیں اور وہ پاکستان میں عالمی کرکٹ کی بحالی کیلئے اقدامات کئے جارہے ہیں پاکستان میں بین الاقوامی کرکٹ کی بحالی کیلئے بھرپور تعاون کریں گے۔