• news

پی سی بی نے ڈومیسٹک ٹورنامنٹ میں میچ آبزرور کا تقرر کر دیا


تمام ریجنز کے ہیڈ کوچز آبزرور ہونگے، 8 نکاتی ایجنڈے کے مطابق رپورٹ کریں گے
لاہور (آئی اےن پی) پاکستان کرکٹ بورڈ نے ڈومیسٹک کرکٹ میں میچ ریفری کی موجودگی میں میچ آبزرور کا نیا عہدہ متعارف کرادیا ۔ ڈائریکٹر جنرل جاوید میاں داد کی ہدایت پر پاکستان کرکٹ بورڈ نے تمام ریجن کے ہیڈ کوچز کو آبزرور مقررکیا ہے اور انہیں آٹھ نکات کے ذریعے یہ ذمے داری دی گئی ہے کہ وہ اپنی رپورٹ میں ان نکات کے بارے میں ہر میچ کے بعد رپورٹ دیں۔پی سی بی ذرائع کا کہنا ہے کہ میچ ریفری کی کارکردگی کے بارے میں رپورٹ دینا بھی آبزرور کی ذمے داریوں میں شامل ہے۔ میچ آبزرور کو جن آٹھ نکات کی معلو مات دینے کی ہدایت جاری کی گئی ہے ان میں میچ ریفری کی کارکردگی کے علاوہ گرانڈ کنڈیشن، امپائروں کی کارکردگی، گرانڈ میں موجود آلات، ڈریسنگ روم کی سہولتیں، کوچز کی کارکردگی ، پچ کی صورتحال اور کھلاڑیوں کا رویہ و ان کی کارکردگی شامل ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ آبزرور کی موجودگی نے میچ ریفریز پر دبا بڑھا دیا ہے۔

ای پیپر-دی نیشن