ماسٹر کوچ طاہر زمان پاکستان ہاکی کیلئے کنسلٹنٹ مقرر
لاہور (سپورٹس رپورٹر) انٹرنیشنل ہاکی فیڈریشن کے ماسٹر کوچ طاہر زمان کو پاکستان ہاکی کا دو سال کے لئے کنسلٹنٹ مقرر کر دیا ہے جس کا باقاعدہ اعلان آئندہ چند روز میں کر دیا جائیگا۔ پاکستان ہاکی فیڈریشن کے صدر قاسم ضیاءاور سیکرٹری آصف باجوہ کے درمیان گذشتہ روز پی ایچ ایف ہیڈکوارٹر میں ملاقات ہوئی جس میں معاملات طے پائے۔ طاہر زمان سینئر اور جونیئر ٹیموں کے علاوہ ملک بھر میں قائم پی ایچ ایف اکیڈمز کی انتظامیہ کے ساتھ ملکر کام کرینگے۔ ایف آئی ایچ ماسٹر کوچ طاہر زمان دسمبر میں آسٹریلیا میں منعقد ہونے والی چیمپیئنز ٹرافی میں شرکت کرنے والی پاکستان ہاکی ٹیم مینجمنٹ کا حصہ نہیں ہونگے تاہم ٹورنامنٹ کی تیاری کے لئے ٹیم منجمنٹ کی معاونت کرینگے۔ طاہر زمان نے پی ایچ ایف ہیڈ کوارٹر میں پاکستان ٹیم کے مینجر اختر رسول، کوچ خواجہ جنید سمیت دیگر اولمپیئنز کے ساتھ بھی ملاقات کی۔ بعد ازاں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے طاہر زمان کا کہنا تھا کہ انٹرنیشنل ہاکی فیڈریشن کی کمیٹی نے پی ایچ ایف کو ہدایات کی تھیں کہ وہ ایف آئی ایچ کے ماسٹر کوچز کے ساتھ ملکر کام کریں۔ پاکستان ہاکی کو بین الاقوامی سطح پر نمبر ون ٹیم بننے میں چار سال کا عرصہ درکار ہے تاہم اگر اگلے چند ماہ میں پاکستان ہاکی کو کوئی کامیابی مل گئی تو مطلوبہ نتائج اس سے پہلے بھی حاصل ہو سکتے ہیں۔