• news

بھارت پنجاب کی 4 ٹیموں نے پنجاب یوتھ فیسٹیول میں شرکت پر آمادگی ظاہر کر دی

لاہور (سپورٹس رپورٹر) بھارتی پنجاب کی چار ٹیموں نے پنجاب انٹرنیشنل سپورٹس فیسٹول میں شرکت پر آمادگی ظاہر کر دی۔ اس بات کا اظہار بھارتی پنجاب سپورٹس بورڈ کے سیکرٹری پرم جیت سنگھ نے گزشتہ روز ہونیوالی پریس کانفرنس میں کیا۔ اس سلسلہ میں دونوں سپورٹس بورڈ کے درمیان معاہدہ طے پاگیا۔بھارت سے پاکستان آنیوالی چار ٹیموں کی قیادت ڈپٹی چیف منسٹر پنجاب سردار سکھبیر سنگھ بادل کریں گے۔ صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے ڈپٹی سپیکر اور چیف آرگنائزر پنجاب یوتھ فیسٹول رانا مشہود احمد نے کہا کھیلوں کے اس میلے سے شرکت کےلئے بھارت سے 58 رکنی دستہ پاکستان آئے گا ۔بھارتی ٹیم ہاکی،میٹ ریسلنگ، کبڈی اور رسہ کشی کے ایونٹس میں حصہ لے گی۔ فیسٹول کی تیاریاں آخری مراحل میں ہیں جس میں پوری دنیا سے ٹیمیں حصہ لیکر اس ایونٹ میںرونق بڑھا دیں گی۔انہوں نے انکشاف کیا کہ کھلاڑیوں کے ہمراہ تاجر برادری کا وفد بھی پاکستان آ رہاہے جس کا مقصد دونوں ممالک کے درمیان امن اور محبت کو فروغ دینا ہے۔ بھارتی پنجاب سپورٹس بورڈ کے سیکرٹری پرم جیت سنگھ نے کہا کہ یہ خوش آئند قدم ہے کہ دونوں ممالک کی ٹیمیں عرصہ دراز کے بعد ایک دوسرے کے مدمقابل ہونگی اور جو انتظامات کئے جارہے ہیں اس کے مطابق کھیلوں کے ایونٹس واقعی دلچسپ اور یادگار ہونگے۔اور میرا خیال ہے کہ ایسے مقابلے زیادہ سے زیادہ ہونے چاہیں۔اور ہم امید کرتے ہیں کہ آئیندہ سال پاکستان بھارت کی مہمان نوازی کا لطف اٹھائے۔جہاں اسے ہر طرح کا تخفظ فراہم کیا جائے گا۔پریس کانفرنس کے موقع سپورٹس بورڈ پنجاب اینڈ یوتھ افئیر عثمان انور اور بھارتی پنجاب کے سپورٹس بورڈ کے ڈائریکٹر شیو دولار ڈھلوں بھی موجود تھے۔

ای پیپر-دی نیشن