اقومی ادبی، ثقافتی کانفرنس آج ہو گی، شہباز شریف مہمان خصوصی ہونگے
لاہور (کلچرل رپورٹر) لاہور آرٹس کونسل کے زیراہتمام سہ روزہ الحمرا قومی ادبی و ثقافتی کانفرنس آج سے صوبائی دارالحکومت میں شروع ہو رہی ہے۔ افتتاحی اجلاس آج سہ پہر 3 بجے الحمرا ہال نمبر2 میں ہو گا جس کے مہمان خصوصی وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف ہوں گے۔ افتتاحی اجلاس کا موضوع ”رواں صدی میں اردو زبان و ادب کے امکانات“ ہے۔ چیئرمین لاہور آرٹس کونسل عطاءالحق قاسمی تعارفی کلمات کہیں گے۔ سیکرٹری اطلاعات و ثقافت حکومت پنجاب محی الدین احمد وانی اجلاس کے شرکاءکا خیرمقدم کریں گے۔ کلیدی خطبہ انتظار حسین کا ہو گا۔ کانفرنس کی دوسری نشست شام ساڑھے 5 بجے الحمرا ہال نمبر3 میں ہو گی جن کا موضوع ”پاکستان میں کہانی کا عروج و زوال“ ہے۔ اس نشست کی صدارت منیر بادینی کریں گے۔ نورالہدیٰ شاہ مہمان خصوصی ہوں گی۔ اظہار خیال کرنے والوں میں مسعود اشعر، ڈاکٹر شاہ محمد مری، ڈاکٹر تحسین فراقی، مبین مرزا، آصف فرخی، ڈاکٹر سعادت سعید، شکیل عادل زادہ، جمیل پال، ڈاکٹر محمد صغیر خان اور ڈاکٹر مرحب قاسمی ہوں گے۔ مبصرین میں ڈاکٹر روبینہ ترین، ڈاکٹر اشفاق احمد ورک، عرفان جاوید، عدنان عادل اور رئیس فاطمہ ہونگی۔ رات 8 بجے محفل موسیقی ہو گی جس میں گلوکار غلام عباس، عطااللہ عیسیٰ خیلوی، زرقا اور محمدعلی شہکی پرفارم کریں گے۔