• news
  • image
  • text

ہردل دعا گو‘ اشکبار‘ آنکھوں سے التجائیں: ملالہ کی صحت یابی کیلئے یوم دعا‘ ملک بھر میں ریلیاں ‘خصوصی تقریبات

لاہور + اسلام آباد + پشاور + فیصل آباد + کراچی (نوائے وقت نیوز + خصوصی نامہ نگار+ ایجنسیاں) ملالہ یوسف زئی راولپنڈی کے آرمڈ فورسز انسٹیٹیوٹ آف کارڈیالوجی میں بدستور بیہوش ہیں جبکہ ڈاکٹر ان کے علاج سے مطمئن ہیں۔ ان کی صحت یابی کےلئے پنجاب، خیبر پی کے اور بلوچستان میں یو م دعا منایا گیا اور مختلف دعائیہ تقاریب اور ریلیوں کا اہتمام کیا گیا اور شمعیں بھی روشن کی گئیں، دعائیہ تقریبات کے دوران ہر آنکھ اشکبار اور ہر دل ملالہ یوسف زئی کے لئے دعاگو ہے اور حاضرین اشکبار آنکھوں سے ملالہ کی صحت یابی کے لئے دعا کرتے رہے۔ ملالہ کو آرمڈ فورسز انسٹیٹیوٹ آف کارڈیالوجی کے چلڈرن آئی ٹی سی میں وینٹی لیٹر پر رکھا گیا ہے جبکہ سپریم کورٹ بار، پاکستان بار کونسل اور پنجاب بار کونسل نے آج ملک بھر میں ہڑتال کا اعلان کیا ہے جبکہ سنی اتحاد کونسل نے گذشتہ روز یوم مذمت منایا۔ ڈی جی آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ ملالہ کی حالت پہلے سے بہتر ہے، آئندہ 36 سے 48 گھنٹے اہم ہوں گے۔ چیف جسٹس سپریم کورٹ جسٹس افتخار محمد چودھری نے گذشتہ روز اے ایف آئی سی میں ملالہ یوسفزئی کی عیادت کی۔ پنجاب بھر میں وزیر اعلیٰ شہباز شریف کی اپیل پر تعلیمی اداروں، دفاتر اور دیگر مقامات پر ملالہ کی صحت یابی کیلئے دعائیہ تقاریب منعقد کی گئیں۔ ماڈل ٹا¶ن میں دعائیہ تقریب منعقد ہوئی۔ وزیر اعلیٰ شہباز شریف نے ملالہ کی صحت یابی کے لئے خصوصی دعا کی اور کہا کہ ملالہ یوسف زئی قوم کا فخر ہے۔ ملک کے مختلف شہروں میں احتجاجی ریلیاں بھی نکالی گئیں۔ مظاہرین حملہ آوروں کی گرفتاری کا مطالبہ کر رہے تھے۔ ملک کے دیگر شہروں کی طرح کراچی میں بھی ملالہ یوسف زئی کی صحت یابی کیلئے دعاﺅں کا سلسلہ جاری رہا۔ لاہور، کوئٹہ، پشاور، اسلام آباد، کراچی، گوجرانوالہ، حافظ آباد، فیصل آباد، آزاد کشمیر، ملتان سمیت کئی شہروں، مختلف سکولوں، تعلیمی اداروں، دفاتر میں اس سلسلے میں خصوصی دعائیں کرائی گئیں جبکہ نماز جمعہ کے دوران بھی ملالہ یوسف زئی کے لئے خصوصی دعائیں کی گئیں۔ سنی اتحاد کونسل کی اپیل پر بھی ملک گیر یوم مذمت منایا گیا جبکہ پاکستان سنی تحریک نے ملک بھر میں احتجاجی مظاہرے کئے اور ریلیاں نکالیں۔ دوسری جانب نماز جمعہ میں بھی ملالہ یوسف زئی کیلئے خصوصی دعاﺅں کا اہتمام کیا گیا۔ کوئٹہ میں مختلف سکولوں کے طلبا و طالبات نے بھی ملالہ یوسف زئی اور اس کی ساتھیوں کی صحت یابی کےلئے خصوصی دعائیں کیں۔ کوئٹہ کے نرسنگ سکول میں بھی ملالہ کےلئے خصوصی دعا کی گئی۔ نرسنگ سکول کے سٹاف کا کہنا تھا کہ ملالہ پر حملہ افسوسناک ہے۔ دوسری جانب صوبے میں سرکاری سطح پر بھی ملالہ یوسف زئی کےلئے یوم دعا کا بھی اعلان کیا گیا۔ اسلام آباد کے تعلیمی اداروں میں بھی خصوصی دعائیں مانگی گئیں۔ سرکاری اور نجی تعلیمی اداروں میں معمول کے اسمبلی اجتماعات میں ملالہ یوسفزئی کیلئے خصوصی دعا ئیں مانگی گئیں، طلبا اور طالبات نے بچیوں میں فروغ تعلیم کیلئے کوشاں رہنے والی ملالہ یوسفزئی کی جرا¿ت اور بہادری کو بھی سلام پیش کیا۔ پشاور کے مختلف سرکاری اور نجی تعلیمی اداروں میں طلبا اور طالبات نے ملالہ یوسفزئی سے اظہار یکجہتی کےلئے ایک منٹ کی خاموشی اختیار کی اور جرا¿ت اور بہادری کی مثال بچی کی صحت یابی کےلئے خصوصی دعائیں کیں۔ بدین کی ڈسٹرکٹ جیل میں ملالہ کی صحت یابی کیلئے دعائیں کی گئیں۔ کراچی کے مختلف سکولوں میں بھی ملالہ یوسف زئی کی صحت یابی کے لئے خصوصی دعائیں کی گئیں۔ باغ آزادکشمیر کے تعلیمی اداروں میں دن کا آغاز ملالہ کی صحت یابی کی دعا¶ں سے ہوا اور اس کی لمبی عمر کےلئے دعا کی گئی۔ ملالہ یوسفزئی کا پشاور سے راولپنڈی کے فوجی ہسپتال میں منتقلی کے بعد سی ٹی سکین کیا گیا۔ ملالہ بدستور بے ہوش ہے تاہم ڈاکٹرز علاج سے مطمئن اور آئندہ چند روز اہم قرار دے رہے ہیں۔ ڈاکٹروں کا 7 رکنی پینل علاج معالجے میں مصروف ہے۔ برمنگھم سے تعلق رکھنے والے دو ڈاکٹرز بھی معاونت کیلئے موجود ہیں۔ ڈاکٹرز آپریشن اور نگہداشت سے مطمئن ہیں تاہم سر میں گولی لگنے کی وجہ سے سوجن برقرار ہے اور یہی وجہ ہے کہ ڈاکٹرز نے مزید چند روز انتہائی اہم قرار دیئے ہیں اور کسی قسم کا رسک نہیں لیا جارہا۔ وفاقی وزیر اطلاعات قمر زمان کائرہ کے مطابق اگر ڈاکٹرز نے اجازت دی تو ملالہ کو بیرون ملک بھیجا جائیگا جس کیلئے سفری تیاریاں مکمل ہیں۔ ڈی جی آئی اےس پی آر مےجر جنرل عاصم سلےم باجوہ نے کہا ہے کہ ملالہ ےوسف زئی فی الحال وےنٹی لےٹر پر ہےں اور آئندہ 36 سے 48 گھنٹے انتہائی اہم ہےں۔ بےرون ملک بھجوانے کے بارے مےں مےڈےکل بورڈ نے کوئی فےصلہ نہےں کےا۔ مٹھی میں ہندو برادری کے افراد نے شوالہ مندر میں ملالہ کی صحت یابی کے لئے دعائیں مانگیں۔ مسیحی برادری کی جانب سے مختلف چرچوں میں دعائیہ تقریبات کا اہتمام کیا گیا اور ملالہ سے اظہار یکجہتی کے لئے شمعیں بھی روشن کی گئیں۔ اسلام آباد میں خاتون فاطمہ چرچ کے پادری کا کہنا تھا کہ پوری مسیحی برادری ملالہ کی صحت یابی کے لئے دعاگو ہے۔ ملالہ یوسف زئی کے والدین اور دیگر عزیز و اقارب کو انتہائی سکیورٹی میں آرمی کے مہمان خانے میں منتقل کر دیا گیا ہے۔ ملالہ یوسف زئی کے والد ضیاءالدین نے کہا ہے کہ ملالہ کی صحت سے متعلق پُرامید ہوں۔ نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ملالہ کو علاج کی بہترین سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں، قوم کی دعا¶ں سے مطمئن اور ان کا شکرگزار ہوں۔ ڈاکٹروں کے مطابق آئندہ 48 گھنٹے اہم ہیں۔ قوم نے ملالہ کے حوالے سے جو جذبہ دکھایا وہ قابل ستائش ہے۔ ماڈل ٹا¶ن میں دعائیہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے شہباز شریف نے کہا کہ ملک بھر میں قوم کی بیٹی کی زندگی کے لئے دعائیں کی جا رہی ہیں جو انشاءاللہ بارگاہ الٰہی میں قبولیت پائیں گی۔ پوری قوم کے ہاتھ بارگاہ الٰہی میں دعا کے لئے اٹھے ہوئے ہیں اور اللہ تعالیٰ کے فضل و کرم اور قوم کی پرخلوص دعا¶ں سے ملالہ یوسف زئی صحت یاب ہو کر جلد ہمارے درمیان ہو گی۔ تقریب میں پرویز ملک، سرکاری افسران شہریوں نے شرکت کی۔ سنی اتحاد کونسل کے چیئرمین صاحبزادہ فضل کریم کی اپیل پر ملالہ یوسف زئی پر قاتلانہ حملے کے خلاف ملک گیر ”یومِ مذمت“ منایا گیا اور جمعہ کے اجتماعات میں اس المناک واقعہ کے خلاف مذمتی قراردادیں منظور کی گئیں۔ نمازِ جمعہ کے بعد اہلسنّت کی تمام مساجد، مدارس اور روحانی خانقاہوں میں ملالہ یوسف زئی کی صحت و سلامتی کے لئے خصوصی دعائیں مانگی گئیں۔ صاحبزادہ فضل کریم نے کراچی میں جمعہ کے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ طالبانائزیشن کی مزاحمت کے لئے قوم کے ہر فرد کو ملالہ جیسی جرا¿ت اپنانا ہو گی۔ پاکستان امریکہ کے ایجنٹ پیشہ ور قاتلوں کے نرغے میں ہے۔ پیر محمد افضل قادری نے کہا کہ صرف مذمت سے کام نہیں چلے گا، اب دہشت گردوں کی مزاحمت کرنا ہو گی۔ پاکستان سنی تحریک کی جانب سے بھی لاہور سمیت کئی شہروں میں مظاہرے کئے گئے اور ریلیاں نکالی گئیں جبکہ مساجد میں خصوصی دعائیں کی گئیں۔ بادشاہی مسجد لاہور میں ہزاروں نمازیوں نے اجتماعی دعا کی۔ خطیب مولانا عبدالخبیر آزاد نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پوری قوم ملالہ یوسف زئی کے لئے دعاگو ہے جس نے بندوق کے آگے قلم کی طاقت کا لوہا منوایا۔ پنجاب بار کونسل کی کال پر لاہور بار ایسوسی ایشن نے آج ہڑتال کر کے عدالتوں کا مکمل بائیکاٹ کرنے کا اعلان کیا ہے۔ وکلا رہنما¶ں نے کہا کہ ہم ملالہ پر قاتلانہ حملہ پاکستان ہی نہیں بلکہ اسلام پر حملہ تصور کرتے ہیں۔ وکلا نے اجتماعی اور انفرادی دعائیں کیں۔ وکلا نے ملالہ اور اس کی ساتھی طالبات پر حملہ کو پاکستان کے مستقبل پر حملہ قرار دیتے ہوئے ملزموں اور ان کے خامیوں کو کیفر کردار تک پہنچانے کا مطالبہ کیا۔ لاہور ہائیکورٹ، سیشن کورٹ، ماڈل ٹا¶ن، کینٹ اور ضلع کچہری میں وکلا نے دعائیہ تقریبات کا انعقاد کیا۔ لاہور ہائیکورٹ میں مسلم لیگ (ن) لائرز فورم، پیپلز لائرز فورم، جوڈیشل ایکٹوازم پینل اور وکلا کے دیگر گروپوں نے دعائیہ تقریبات منعقد کیں۔ وزیر اعلیٰ پنجاب شہباز شریف کی ہدایات کی روشنی میں لاہور سمیت صوبہ بھر میں ملالہ یوسف زئی اور اس کی ساتھی زخمی طالبات کی صحت یابی کے لئے ”یوم دعا“ کے طور پر منایا گیا۔ اس حوالے سے سول سیکرٹریٹ پنجاب کے سبزہ زار پر اجتماعی دعائیہ تقریب کا اہتمام کیا گیا جس میں افسروں اور ہزاروں کی تعداد میں سرکاری ملازمین نے شرکت کی۔ کوئٹہ سے بیورو رپورٹ کے مطابق وزیر اعلیٰ بلوچستان اسلم خان رئیسانی کی اپیل پر بلوچستان بھر میں ملالہ یوسف زئی کی صحت، تندرستی اور درازی عمر کے لئے یوم دعا منایا گیا، اس حوالے سے صوبائی دارالحکومت سمیت صوبے کے ڈویژنل اور ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹرز اور اندرون صوبہ دفاتر اور مساجد میں خصوصی دعائیں کی گئیں جبکہ تعلیمی اداروں میں دعائیہ تقاریب کا انعقاد کیا گیا۔ علاوہ ازیں ملالہ یوسف زئی سے اظہار یکجہتی کے لئے ایبٹ آباد سمیت ہزارہ کے تمام پرائیویٹ تعلیمی ادارے آج ہفتہ کو بند رہیں گے۔ آئی این پی کے مطابق آرمڈ فورسز انسٹی ٹیوٹ آف کارڈیالوجی میں ملالہ یوسف زئی کے میڈیکل ٹیسٹ کئے گئے جس کے بعد ڈاکٹروں نے تمام رپورٹس کلیئر قرار دے دیں۔ نجی ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق گولی نے دماغ کو متاثر نہیں کیا لیکن گولی لگنے سے سر کو شدید جھٹکا لگا جس کے باعث ملالہ شاک ویو میں چلی گئیں۔ ڈاکٹروں کا پینل ملالہ کو شاک ویو سے واپس لانے کی کوشش کر رہا ہے۔ رپورٹس کے مطابق ملالہ کے دل کی دھڑکن اور بلڈپریشر بھی نارمل ہے اور حادثے کے بعد معجزانہ طور پر حرام مغز بھی محفوظ رہا۔ گوجرانوالہ سے نمائندہ خصوصی کے مطابق کمشنر آفس میں کمشنر عبدالجبار شاہین کی زیر صدارت ایک دعائیہ تقریب ہوئی جس میں ملالہ کی صحت یابی کی خصوصی دعا کی گئی۔ ایڈیشنل کمشنر ریاض بٹ، اسسٹنٹ کمشنر جنرل افضل عظیم، اسسٹنٹ کمشنر ریونیو رانا منظور، انفارمیشن آفیسر طاہر محمود، ڈائریکٹر ڈویلپمنٹ مزمل ملک، پی ایس ٹو کمشنر رانا یعقوب اور کمشنر کمپلیکس کے تمام شعبوں کے افسران اور سٹاف نے شرکت کی۔ گوجرانوالہ چیمبر کے صدر خواجہ عامر حسن، ملک امین ناز نے ایک مشترکہ بیان میں ملالہ یوسف زئی پر قاتلانہ حملے کی شدید الفاظ میں مذمت کی، سنی تحریک نے جلوس نکالا، اکرام بابر، رکن غازی اکرم نقشبندی نے خطاب کیا۔ ڈسٹرکٹ کنزیومر کورٹ کے جج شیخ یوسف اور ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج نے ملالہ اور ان کی ساتھیوں کی مکمل صحت یابی کے لئے دعا کروائی۔ تعلیمی بورڈ کے سےکرٹری پروفیسر امان اللہ، ٹی ایم او کھےالی چودھری ارشد محمود، ٹی او آئی اینڈ ایس اجمل ملک، ٹی او فنانس عبدالحمید، محمود اقبال بٹ، احسان الحق، بیرسٹر عادل سلیم، فدا حسےن، فاروق خاں، غلام نبی بہادر و دےگر افسران اور خواجہ طارق جاوید نائیک اور خواجہ غیور نائیک نے بھی شرکت کی۔ تحریک انصاف کے رہنما بیرسٹر علی اشرف مغل نے کہا ہے کہ ملالہ یوسف زئی پر حملہ ملک، دین اور تعلیم دشمن عناصر کی مذموم کارروائی ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے انصاف سٹوڈنٹس فیڈریشن کی ریلی سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ حافظ آباد سے نمائندہ نوائے وقت کے مطابق ڈسٹرکٹ کوآرڈینیشن آفیسر سہیل احمد خان نے کہا ہے کہ پوری قوم ملالہ یوسف زئی پر بزدلانہ حملے کی مدمت کرتی ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے اجتماعی دعائیہ تقریب کے موقع پر کیا۔ جنرل عاصم کا کہنا ہے کہ ملالہ ابھی بھی وینٹی لیٹر پر ہیں اور ڈاکٹروں کا ایک پینل ان کی آئندہ 36 سے 48 گھنٹے تک نگرانی کرتا رہے گا۔ لالہ کی بیرون ملک منتقلی کے بارے میں ابھی تک کوئی فیصلہ نہیں ہوا۔ مینگورہ اور سوات میں سکولوں میں قرآن خوانی کی گئی جن میں ملالہ کے سکول کی طالبات بھی شامل تھیں۔ سندھ میں بھی دعائیہ تقریبات ہوئیں، ضرورت پڑنے پر ملالہ کو جرمنی منتقل کرنے کی تیاریاں مکمل کر لی گئی ہیں۔ نجی ٹی کی کے مطابق آئندہ 36 گھنٹے اہم ہیں۔ کراچی سے وقائع نگار کے مطابق وزیر اعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ نے اعلان کیا ہے کہ بروز ہفتہ مورخہ 13 اکتوبر کو تمام سکولوں میں یوم دعا منایا جائے گا، اس موقع پر ملالہ یوسف زئی کی جلد صحت یابی کے لئے خصوصی دعائیں مانگی جائیں گی۔سی ٹی سکین کے مطابق ملالہ کے دماغ کو زیادہ نقصان نہیں پہنچا۔ چہرے اور سر پر سوجن ابھی تک موجود ہے جو اگلے پندرہ روز کے دوران نارمل ہو جائے گی۔ وینٹی لیٹر مشین اتارے جانے کے بعد ملالہ کے سر کے بائیں حصے کی سرجری کی جائے گی۔ ذرائع کے مطابق ملالہ یوسف زئی کا دل، گردے، جگر اور دیگر اندرونی اعضا مکمل طور پر نارمل ہیں۔ ملالہ کا حرام مغز گولی کے نقصان سے محفوظ رہا۔
یوم دعا

epaper
سوات: ملالہ یوسفزئی کے ساتھ زخمی ہونے والی طالبات شازیہ اور کائنات

ای پیپر-دی نیشن