فیصل رضا عابدی سے بطور سینیٹر استعفیٰ لینے پر غور
اسلام آباد (نوائے وقت رپورٹ/ آئی این پی) صدر آصف علی زرداری کے زیرصدارت پیپلزپارٹی کی کور کمیٹی کا اجلاس ہوا جس میں ملک کی مجموعی سیاسی صورت حال، فیصل رضا عابدی کے متنازعہ بیانات اور ان سے سینٹ کی نسشت کا استعفیٰ لینے پر غور کیاگیا۔ نجی ٹی وی کے مطابق اجلاس میں پیپلزپارٹی کے سینئر رہنماﺅں نے شرکت کی۔ رپورٹ کے مطابق اجلاس میں سابق وزیر اعظم سید یوسف رضا گیلانی کے بارے میں افواہوں پر بھی غور کیاگیا۔ اجلاس میں پیپلزپارٹی کے رہنما سینیٹر فیصل رضا عابدی کے متنازعہ بیانات پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا اور فیصلہ کیا گیا کہ فیصل رضا عابدی کو ایک اور شوکاز کا نوٹس جاری کیا جائے گا۔ اجلاس میں ملالہ یوسفزئی پر حملے کے حوالے سے بھی بات چیت کی گئی۔ ذرائع کے مطابق اجلاس میں ملک کی مجموعی سیاسی صورت حال سمیت دیگر اہم امورپر بھی تبادلہ خیال کیاگیا۔