جوڈو فیڈریشن پی او اے کے اجلاس میں شرکت کریگی
اسلام آباد (سپورٹس رپورٹر) پاکستان اولمپک ایسوسی ایشن کی طرف سے (پی او اے) کی 14 اکتوبر کی جنرل کونسل کے اجلاس میں شرکت کی دعوت نہ دینے کے باوجود پاکستان جوڈو فیڈریشن کے آفیشلز اجلاس میں شرکت کریں گے۔ پاکستان جوڈو فیڈریشن کے سیکرٹری مسعود احمد کی ایک پریس ریلیز کے مطابق پاکستان اولمپک ایسوسی ایشن کی جنرل کونسل کا اجلاس 14 اکتوبر کو لاہور میں ہو رہا ہے مگر پی او اے نے دانستہ طور پر پاکستان جوڈو فیڈریشن کو اس اجلاس کا دعوت نامہ نہیں بھجوایا۔ پاکستان جوڈو فیڈریشن نے پی او اے حکام کی توجہ اس طرف مبذول کرائی مگر اس کے باوجود پی او اے نے جوڈو فیڈریشن کو دعوت نامہ نہیں ارسال کیا جس پر پاکستان جوڈو فیڈریشن نے اسلام آباد ہائیکورٹ سے رجوع کیا۔ اسلام ذآباد ہائیکورٹ نے پاکستان جوڈو فیڈریشن کے حق کو تسلیم کرتے ہوئے پی او اے کے اجلاس میں جوڈو فیڈریشن کے آفیشلز کی شرکت کو قانونی طور پر درست قرار دیا۔ عدالت عالیہ کے احکامات کی روشنی میں پاکستان جوڈو فیڈریشن کے آفیشلز 14 اکتوبر کے اجلاس میں شرکت کریں گے اور اگر پی او اے کی طرف سے پاکستان جوڈو فیڈریشن کو اجلاس میں شرکت کی اجازت نہ دی تو یہ اقدام توہین عدالت کے مترادف متصور ہو گا۔