• news

ملالہ پر حملہ کرنے والوں کو امریکہ کی مدد حاصل تھی: اسلم بیگ

لاہور (خبر نگار) پاک فوج کے سابق سربراہ مرزا اسلم بیگ نے کہا ہے کہ امریکہ نے مدرسے پر حملہ کر کے بچوں کو مارا، ہمیں اس ظلم و بربریت اور درندگی کے خلاف دنیا بھر میں ہر فورم پر آواز اٹھانی چاہئے۔ ڈرون حملے پاکستان حکومت کی مرضی سے ہوتے ہیں، پہلے پاک فوج کی بھی مرضی شامل تھی مگر سلالہ کے واقعہ کے بعد فوج نے انٹیلی جنس شیئرنگ بند کر دی۔ ڈرون گرانا کوئی مسئلہ نہیں، پاک فوج کو حکومت حکم دے وہ مار گرائے گی۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کے قبائلی علاقوں میں امریکیوں نے سارا فتنہ پھیلایا ہے، ہماری فوج کے حملوں سے ناراض قبائلی ہمیں مار رہے ہیں، کالعدم تنظیمیں بھی ان کے ساتھ شامل ہو گئی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ امریکہ یہ پیغام دینا چاہتا ہے کہ اس نے حقانی گروپ پر حملہ ملالہ پر قاتلانہ حملے کے جواب میں کیا ہے حالانکہ ایسا بالکل نہیں ہے، حقانی صرف افغانستان کی آزادی کے لئے افغانستان کے اندر لڑ رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ملالہ کو فضل اللہ گروپ نے مارا ہے جو صوفی محمد کا داماد ہے اور اس گروپ کو امریکہ، بھارت، اسرائیل کے جاسوس نیٹ ورک کی پشت پناہی حاصل ہے۔ ملالہ پر حملہ کرنے والوں کو اس طرح امریکی مدد بھی حاصل ہے۔ انہوں نے کہا کہ رحمن ملک کھل کر بتائیں کہ ملک دشمن کون ہیں جو ان وارداتوں میں ملوث ہیں۔

ای پیپر-دی نیشن