مسلم لیگ ن سے مل کر یوم سیاہ منانے میں حرج نہیں مگر ان کا رویہ آمرانہ ہے: پیپلز پارٹی
لاہور (خبر نگار) پیپلز پارٹی کے رہنما¶ں نے کہا ہے کہ مسلم لیگ (ن) کے ساتھ مل کر 12 اکتوبر اور 5 جولائی کو مشترکہ یوم سیاہ منا سکتے ہیں۔ مسلم لیگ (ن) کے ساتھ میثاق جمہوریت پر دستخط کئے تھے تو اکٹھے یوم سیاہ منانے میں بھی کوئی حرج نہیں مگر مسئلہ یہ ہے کہ مسلم لیگ کی ”قیادت“ کا رویہ باوردی آمر سے زیادہ آمرانہ ہے۔ ان خیالات کا اظہار عزیز الرحمن چمن، اورنگزیب برکی، شوکت بسرا، اسلم گل اور چودھری غلام عباس نے ”یوم سیاہ“ اکٹھا منانے کے بارے میں سوال پوچھے جانے پر کیا۔ عزیز الرحمن نے کہا کہ پیپلز پارٹی نے ہر آمریت کا ڈٹ کر مقابلہ کیا ہے، 12 اکتوبر کو جنرل مشرف کی طرف سے مارشل لا لگائے جانے اور جمہوری حکومت کا تختہ الٹنے کی مذمت کرتے ہیں، اگر مسلم لیگ (ن) والے دعوت دیتے تو ان کے یوم سیاہ میں ضرور جاتے۔ اورنگزیب برکی نے کہا کہ ضیاءالحق ہو یا مشرف دونوں کو بدترین آمر سمجھتے ہیں۔ اگر مسلم لیگ (ن) والے ڈکٹیٹروں کے خلاف ہوتے تو ہمارے ساتھ مل کر چلتے اور مشرف کو ٹف ٹائم دیتے۔ انہوں نے کہا آمریت کسی بھی شکل میں ہو قبول نہیں کی جا سکتی ہے۔