• news

مشرف اور زرداری کا دور حکومت آپس میں مماثلت رکھتا ہے‘ نثار

ٹیکسلا +چہان )نمائندہ نوائے وقت( قائد حزب اختلاف چوہدری نثار علی خان نے کہا کہ مشر ف کی پیشکشوں پر معاہدہ کرلیتا تو ق لیگ کی سربراہی کے ساتھ پنجاب کی وزارت اعلیٰ بھی میرے پاس ہوتی لیکن میں نے ضمیر کا سودا نہیں کیا اور مشکل وقت میں میاں محمدنوازشریف کے ساتھ کھڑا رہا اور آصف علی زرداری نے مجھے منت سماجت کرکے سینئروزیر کا عہدہ دیا جو پارٹی قیادت کے کہنے پر قبول کیا لیکن اندرونی کہانیوں کی حقیقتوں سے آگاہ ہونے پر چھ ہفتوںکے بعد سینئروزیرکے عہدہ سے استعفٰی دے دیا۔ آج گجرات کے چوہدریوں نے منت سماجت کے ذریعے ڈپٹی وزیراعظم کا عہدہ حاصل کرکے اپنی پارٹی کا اور اپنی سیاسی ساکھ کا جنازہ نکال کے رکھ دیاہے۔ مشرف اور آصف علی زرداری کا دورحکومت آپس میں بڑی مماثلت رکھتا ہے ۔ آنے والا و قت مسلم لےگ ن کے لئے بڑا سازگارہے ۔ وہ حلقہ پی پی 7کی یونین کونسل چہان میں زرعی اور آب نوشی کے مقاصد کے لئے 78کروڑ روپے کی لاگت سے تعمیر کیے جانے والے چہان ڈیم کا افتتاح کرنے کے بعد راجڑگا¶ں میں چوہدری ابراراحمدکی جانب سے منعقدہ ایک بڑے عوامی اجتماع سے خطاب کر رہے تھے۔ انہوں نے کہا چہان ڈیم کی اونچائی راول ڈیم سے بھی زیادہ ہوگی اور ڈیم کی تعمیر سے درجنوں دیہاتوں میں زرعی انقلاب اور پوری علاقے کی تقدیر بدلے گی۔ انہوں نے راجڑگا¶ں کی گلیوں کی تعمیر کے لئے 22لاکھ روپے ، بوائزسکول کی عمارت کی توسیع کے لئے 28لاکھ روپے ، راجڑواٹر سپلائی سکیم کے لئے 27لاکھ روپے اور چکری تا راجڑلنک روڈ کی تعمیر ومرمت کے لئے 43لاکھ روپے اور چہان گا¶ں کی گلیوں کی تعمیر کے لئے 15لاکھ روپے کی گرانٹ کا اعلان کیا۔

ای پیپر-دی نیشن