ڈاکٹر بن کر ملک و قوم کی خدمت کرونگی: زخمی کائنات کا عزم
پشاور (نوائے وقت نیوز) ملالہ یوسف زئی پر قاتلانہ حملہ کے دوران زخمی ہونے والی ساتھی طالبہ کائنات کا کہنا ہے کہ وہ اپنی تعلیم جاری رکھے گی۔ اس کی خواہش ہے کہ وہ ڈاکٹر بن کر ملک و قوم کی خدمت کرے۔ملالہ یوسف زئی کے ساتھ قاتلانہ حملے میں زخمی ہونے والی طالبہ کائنات نے نجی چینل سے بات چیت کرتے بتایا کہ حملہ آور نے شناخت کے بعد ملالہ پر فائرنگ کی، حملہ میں ملالہ یوسف سمیت شازیہ اور وہ خود زخمی ہوگئی۔ کائنات نے بتایا کہ وہ ملالہ کا خون دیکھ کر بے ہوش ہوگئی تھی اور جب ہوش آیا وہ ہسپتال میں موجود تھی۔ کائنات نے اس عزم کا اظہار کیا کہ وہ اپنی تعلیم کا سلسلہ جاری رکھے گی اور ڈاکٹر بن کر ملک و قوم کی خدمت کرنا چاہتی ہے۔ وہ ملالہ کی جلد صحت یابی کےلئے دعا گو ہے۔کائنات کے والد ریاض کا کہنا ہے کہ کائنات کے علاج کے لئے صوبائی حکومت کی جانب سے رابطہ کیا گیا ہے۔صدر آصف علی زرداری نے ملالہ یوسف کے ساتھ قاتلانہ حملے میں زخمی ہونے والی دونوں طالبات شازیہ اور کائنات کے علاج کی ہدایت کی ہے۔