• news

سنی اتحاد کونسل کا ”تحفظ ناموس رسالت ٹرین مارچ“ آج شروع ہو گا

لاہور ( سٹاف رپورٹر ) سنی اتحاد کونسل کے ”تحفظ ناموس رسالت ٹرین مارچ“ کی تیاریاں مکمل ہو گئیں۔ آج شام 5 بجے تیزگام کے ذریعے کراچی سے ٹرین مارچ کا آغاز ہو گا۔ قیادت سنی اتحاد کونسل کے چیئرمین صاحبزادہ فضل کریم اور دوسرے راہنما کریں گے۔ ٹرین مارچ کے راستوں کو گنبد خضریٰ والے پرچموں اور بینروں سے سجا دیا گیا۔ ٹرین مارچ کا شہر شہر پرزور استقبال ہو گا۔ صاحبزادہ فضل کریم نے کہا ہے کہ ٹرین مارچ کا مقصد گستاخانہ فلم، ڈرون حملوں اور دہشت گردی کے خلاف زوردار آواز بلندکرنا ہے۔ علاوہ ازیں فضل کریم نے کہا ہے کہ امریکہ اور طالبان انسانیت پر رحم کریں۔ امریکہ ڈرون حملے اور طالبان خودکش حملے بند کر دیں، ڈرون حملوں پر عالمی برادری اور میڈیا کیوں خاموش ہے، قوم امریکہ یا طالبان کی دہشت گردی کا شکار ہر ملالہ کے لئے آواز اٹھائے اور صوفیا کے ماننے والے اہل حق پاکستان بچانے کے لئے میدان میں آئیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے علماءو مشائخ اور عوام کے نام جاری کئے گئے کھلے خط میں کیا۔ انہوں نے کہاکہ ملالہ کے ساتھ زخمی ہونے والی دو بچیوں سعدیہ اور کائنات کی بھی فکر کرنی چاہئے۔ ہماری جدوجہد اسلام آباد نہیں اسلام کے لئے ہے۔ انہوں نے کہاکہ حکومت کو جان لینا چاہئے کہ امریکہ پاکستان کا دوست نہیں دشمن ہے۔

ای پیپر-دی نیشن