شجاعت ذاتی مفاد کیلئے پی پی کے ساتھ کھڑے ہیں: مشرف
لاہور (خصوصی رپورٹر) سابق صدر جنرل(ر) پرویز مشرف نے کہا ہے کہ 12اکتوبر کا اقدام درست فےصلہ تھا‘چودھری شجاعت ذاتی مفاد کے لئے پی پی پی کے ساتھ کھڑے ہیں جبکہ ہم آج بھی سب سے پہلے پاکستان کا نعرہ لگاتے ہےں‘ ڈرون حملوں کی اجازت مےں نے نہےں دی‘ موجودہ حکومت کی غلط پالیسیوں کی وجہ سے ملک مقتل بنا ہوا ہے‘ ذاتی مفادات نے پاکستان میں منافقانہ سیاست کو جنم دیا۔ وہ پارٹی کارکنوں سے ٹےلیفونک خطاب اور سوالوں کے جواب دے رہے تھے۔ مرکزی سیکرٹری اطلاعات آسیہ اسحاق بھی اس موقع پر موجود تھیں۔ پرویز مشرف نے کہا ہے کہ موجودہ حکمران پراپےگنڈہ کررہے ہےں‘ میری حکومت نے امریکہ کو ڈرون حملوں کی اجازت نہیں دی تھی۔ ہم ڈرون حملوں کی مذمت کرتے ہیں اگر کوئی یہ سمجھتا ہے کہ ڈرون حملوں کی اجازت ہم نے دی تھی تو موجودہ حکومت ڈرون حملے بند کرا دے۔ انھوں نے کہا کہ نواز شریف کی حکومت برطرف کرنے کا فیصلہ درست تھا اور یہ فیصلہ مےرے اکےلے کا نہےں بلکہ متفقہ طور پر کےا گیا تھا۔ انہوں نے کہا کہ لال مسجد، اکبر بگٹی کے واقعہ سمیت ہر معاملے میں پرویزالٰہی اور چودھری شجاعت کے مشورے شامل تھے۔