• news

ڈرامہ ”پونے 14اگست“ پی این سی اے آڈیٹوریم میں جاری

اسلام آباد (محمد فہیم انور/ کلچرل رپورٹر)65 سال گزر جانے کے باوجود پاکستان قائداعظم محمد علی جناحؒ کے خوابوں کی تعبیر کے برخلاف پاکستان کے حالات کے بارے میں معروف دانشور انور مقصود کا لکھا ہوا ڈرامہ ”پونے 14اگست“ پی این سی اے آڈیٹوریم میں پیش کیا گیا۔کاپی کیٹس پروڈکشن کراچی کے تیار کردہ ڈرامے کو دیکھنے کے لئے جڑواں شہروں راولپنڈی اسلام آباد کے شائقین فنون لطیفہ کی ایک بڑی تعداد پی این سی اے میں موجود تھی۔ میڈیا پارٹنر ”نوائے وقت گروپ“ کے اشتراک سے پیش کردہ یہ ڈرامہ 22اکتوبر تک روزانہ پی این سی اے آڈیٹوریم میں پیش کیا جائے گا۔ اس خوبصورت کھیل کی ہدایات کاپی کیٹس پروڈکشنز کے سربراہ داوڑ محمود نے دی ہیں اور انہوں نے ڈرامے کے مرکزی کردار ”قائداعظم“ کا کردار بھی نہایت خوبصورتی کے ساتھ ادا کیا ہے۔ کھیل میں تحریک پاکستان کے کارکن مولانا شوکت علی‘ بانی پاکستان قائداعظم محمد علی جناحؒ اور شاعر مشرق علامہ محمد اقبالؒ کی ارواح کو موجودہ دورمیں دکھایا گیا ہے اور وہ پاکستان کے عمومی و سیاسی حالات کو دیکھ کر سخت پریشان ہیں۔کھیل میں پاکستان کے ایک بازو مشرقی پاکستان کے علیحدہ کئے جانے کے واقعات کے اسباب پر بھی روشنی ڈالی گئی ہے جبکہ موجودہ دور کی سیاسی جماعتوں (ن) لیگ‘ پاکستان تحریک انصاف اور ایم کیو ایم کی آپس میں کھینچا تانی اور بیان بازیوں کو بھی طربیہ انداز میں پیش کیا گیا ہے۔ ڈرامے میں مولانا شوکت علی کا کردار عامر آغا نے‘شاعر مشرق کا ڈاکٹر نے اور قائداعظم کا کردار داوڑ محمود نے خوبصورت انداز میں ادا کیا ہے۔ ڈرامے کے بعد ہدایت کار داوڑ محمود نے ”نوائے وقت“ سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ موجودہ حالات میں یہ ڈرامہ نوجوان نسل کو اپنی ذمہ داریوں کا احساب دلانے کے ساتھ ساتھ انہیں اپنی سمت متعین کرنے میں بڑی مدد دے گا۔ انہوں نے کہا کہ اس سے قبل ہم یہ ڈرامہ کراچی اور لاہور میں پیش کرچکے ہیں۔ ڈرامہ کی مقبولیت کو دیکھتے ہوئے ہم اسے نومبر میں ایک بار پھر کراچی میں پیش کریں گے۔انہوں نے ڈرامے میں بھرپور تعاون کرنے پر نوائے وقت گروپ کے منیجنگ ڈائریکٹر جناب مجید نظامی اور ڈی ایم ڈی رمیزہ نظامی کے ساتھ ساتھ پی این سی اے کے ڈائریکٹر جنرل توقیر ناصر اور ان کی ٹیم کا بالخصوص شکریہ ادا کیا۔

ای پیپر-دی نیشن