قائم مقام امریکی سفیر کی زرعی سائنسدانوں سے ملاقات، کسانوں سے معلومات لیں
اسلام آباد (آئی این پی) پاکستان میں امریکہ کے قائم مقام سفیر رچرڈ ہوگلینڈ نے کہا ہے کہ امریکی حکومت آبپاشی کے انتظام کے پروگرام کے تحت کسانوں کی پیداواری صلاحیتوں کو بڑھانے اور بیروزگاری کے خاتمے کے لئے بہتری لانے میں کردار ادا کر رہی ہے۔ امریکی محکمہ زراعت نے ملک بھر میں پن مینڈھوں اور آبپاشی کے سات منصوبوں کے لئے 3 ملین ڈالر سے زیادہ کی سرمایہ کاری کی ہے تاکہ کسانوں کو کامیاب آبی وسائل کے زیادہ م¶ثر نظام پر انتظام کرنے کی تربیت دی جائے جس سے پیداوار بڑھے گی اور آمدنی میں اضافہ ہو گا۔ وہ پاکستان زرعی تحقیقاتی کونسل کے زیر اہتمام سترہ میل میں آبپاشی کے پراجیکٹ اور لوکل فارمنگ کمیٹی کے دورے کے دوران سائنسدانوں سے خطاب کر رہے تھے۔ رچرڈ ہوگلینڈ نے سترہ میل میں PARC کے واٹر شیڈ پروگرام کے تمام ایریا کا تفصیلی دورہ کیا اور سائنسدانوں سے بریفنگ لی۔ ہوگلینڈ نے کسانوں سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ منصوبے کو عملی طور پر دیکھ کر اور آپ سے براہ راست معلومات ملنے کے بعد مجھے انتہائی خوشی اور حوصلہ ملا ہے۔ اس موقع پر امریکی قائم مقام سفیر کو پاکستان زرعی تحقیقاتی کونسل کے ممبر ڈاکٹر ندیم نے خوش آمدید کہا اور پراجیکٹ کی تفصیل بتاتے ہوئے کہا کہ PARC امریکی حکومت اور مسٹر رچرڈ ہوگلینڈ کے انتہائی ممنون ہے کہ وہ پاکستان کے چھوٹے کاشتکاروں کی تحقیقیی صلاحیتوں اور زراعت کی ترقی کے لئے بھرپور مالی معاونت کر رہے ہیں۔