اصغر خان کیس کا فیصلہ ہوا تو نوازشریف سیاست سے مٹ جائیں گے: گورنر کھوسہ
لاہور (آن لائن + این این آئی) گورنر پنجاب سردار لطیف کھوسہ نے کہا ہے کہ اصغر خان کیس کا فیصلہ ہوا تو نوازشریف سیاست سے مٹ جائیں گے‘ نوازشریف کبھی عوامی طاقت سے اقتدار میں نہیں آئے‘ مسلم لیگ (ن) ضیاءالحق کی باقیات ہے۔ کسی سیاسی جماعت نے پیپلز پارٹی جتنی قربانیاں نہیں دیں۔ پیپلز پارٹی نے مسلم لیگ (ن) کو پنجاب حکومت خیرات میں دی۔ سوئس حکام کو خط میں اپنے م¶قف سے ایک انچ پیچھے نہیں ہٹے۔ نوازشریف عوام کی بجائے اسٹیبلشمنٹ کی بیساکھیوں اور چور دروازے سے اقتدار میں آتے رہے ہیں۔ بھٹو بننے کیلئے جانوں کے نذرانے پیش کرنا پڑتے ہیں۔ کارکن پیپلز پارٹی کا اثاثہ ہیں جمہوریت کے تسلسل سے ہی پاکستان خوشحال ہو گا۔ صدر آصف زرداری نے آئین کو بحال کیا ہے۔ سوئس حکام کو لکھے گئے خط میں حکومت اپنے م¶قف سے پیچھے نہیں ہٹی، ہم کبھی بینظیر بھٹو شہید کی قبر کا ٹرائل نہیں ہونے دینگے آج جو لوگ ہم پر باتیں کر رہے ہیں وہ خود ایک آمر سے معافی مانگ کر ملک سے بھاگ گئے لیکن بی بی شہید نے پھر بھی انہیں پناہ دی‘ مہران بنک سکینڈل میں ووٹ کے تقدس کو پامال کرنے کی کوشش کی گئی‘ سپریم کورٹ سے اپیل ہے وہ اصغر خان کیس کا جلد فیصلہ کرے‘ مائیک گرانے سے بھٹو نہیں بنا جا سکتا اس کے لئے جان کی قربانی دینی پڑتی ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے پیپلز پارٹی پنجاب کے سابق جنرل سیکرٹری غلام عباس کی رہائشگاہ پر ذوالفقار علی بھٹو کے خلاف عدالتی فیصلے کے خلاف خودکشی کرنے والے کارکنوں کے حوالے سے منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ گورنر نے کہا کہ دنیا میں کوئی ایسی سیاسی جماعت نہیں جس کے قائدین نے قربانیاں دی ہوں‘ پاکستان پیپلز پارٹی ایسے جذبے اور تحریک کا نام ہے جس کے کارکنوں کا جسد خاکی تو دفن کیا جا سکتا ہے لیکن اس کے سوچ‘ جذبے اور نظریے کو دفن نہیں کیا جا سکتا ہے۔ ہم نے کبھی اقتدار کی سیاست نہیں کی، پیپلز پارٹی اپوزیشن میں بھی طاقتور ہی ہوتی ہے۔ ہم نے یہ عہد کر رکھا ہے کہ آئندہ انتخابات ملکی تاریخ کے شفاف انتخابات ہونگے اور اس میں بھرپور کامیابی حاصل کرینگے۔ میں پارٹی کے شہداءکی قربانیوں کو خراج عقیدت پیش کرتا ہوں۔ ملالہ یوسف زئی امن کی فاختہ اور پاکستان کا فخر ہے، ملالہ علم کا چراغ لے کر اٹھی ہے اور اب پوری دنیا میں اس کی روشنی ہو گی۔ ملالہ ملک بھر کی بچیوں کو تعلیم کے زیور سے آراستہ کرنے میں اپنا کردار ادا کر رہی ہے۔ ہر بچی اب تعلیم کے زیور سے آراستہ ہو گی۔ کسی بھی معصوم بچی پر ایسا حملہ کرنے والا انسان کہلانے کے قابل نہیں ہے۔ دہشت گرد عناصر اپنے دل و دماغ سے یہ بات نکال دیں کہ وہ ایسی بزدلانہ حرکتوں سے قوم کی ان بچیوں کے غزائم کو کمزور کر سکتے ہیں۔ پوری قوم کو مل کر ان دہشت گردوں کو ختم کرنا ہو گا۔ انہوں نے کہا کہ نوازشریف نے سیاست کو کاروبار بنا دیا جس دن سے وہ سیاست میں آئے ہیں سیاست کا رخ بدل دیا ہے۔ آج بھی نوازشریف کے پاس سادہ اکثریت نہیں ہے۔ ڈسٹرکٹ گورنمنٹ میں 300 ارب روپے کا گھپلا ہے۔ صرف اتفاق فاو¿نڈری کا سریہ لگانے کے لئے لاہور کو توڑ پھوڑ دیا۔ لیپ ٹاپ، سستی روٹی سکیم، ییلو کیب، دانش سکول سب میں کرپشن ہوئی ہے، آئندہ پنجاب میں وزیر اعلیٰ جیالا ہو گا اور یہ ثابت ہو کے رہے گا۔