• news

دنیا کا نمبر ون بلے باز بننے کی خواہش ہے: عمر اکمل

لاہور (حافظ محمد عمران) دنیا کا نمبرون بلے باز بننے کی خواہش ہے۔ اس مقصد کے حصول کیلئے بھرپور محنت کر رہا ہوں۔ ایک اچھے اور مستند ٹیسٹ بلے باز کی شناخت قائم کرنا چاہتا ہوں۔ ان خیالات کا اظہار نوجوان ٹیسٹ کرکٹر عمر اکمل نے وقت نیوز کے پروگرم ”گیم بیٹ“ میں کیا۔ انہوں نے کہا کہ ہار برداشت نہیں ہے، پاکستان ٹیم میں رہنے کیلئے مسلسل عمدہ کارکردگی دکھانا پڑتی ہے۔ ٹیسٹ اور ون ڈے میں سے کسی ایک فارمیٹ کا انتخاب کرنا پڑے تو وہ پانچ روزہ کرکٹ کو ترجیح دیں گے ۔ ٹونٹی، ٹونٹی ورلڈ کپ میں انہوں نے اپنی بیٹنگ سے خوب لطف اٹھایا ہے۔ سینئر کھلاڑیوں نے بھرپور سپورٹ کیا جبکہ سابق کپتان رمیز راجہ، وسیم اکرم اور یونس خان سے بھی رہنمائی لیتا رہا۔ ان کا موازنہ بھارت کے ویرات کوہلی کے ساتھ کر کے بھارتی بلے باز کے بیٹنگ آرڈر کو نظرانداز کر دیا جاتا ہے۔ ویرات نے سارا کیریئر نمبر تین، چار پر بیٹنگ کی ہے جبکہ میں پانچویں چھٹے نمبر پر کھیلا ہوں، سلیکٹرز اور ٹیم مینجمنٹ نے مجھے موقع دیا تو میں دنیا کے کسی بھی بہترین بلے باز کا مقابلہ کرنے کی صلاحیت رکھتا ہوں۔ بڑے بھائی کامران اکمل کی یہی ہدایت ہوتی ہے کہ زیادہ سے زیادہ وقت کریز پر گزاروں۔ مشکل وقت میں کلب کرکٹ کے آرگنائزر، محکمے کی ٹیم کے کوچ باسط علی نے بہت سپورٹ کیا ہے جبکہ فیلڈنگ میں بہتری کیلئے این سی اے کے کوچ محتشم رشید نے بہت مدد کی ہے۔ جولین فاﺅنٹین سے بھی بہت کچھ سیکھنے کا موقع مل رہا ہے۔

ای پیپر-دی نیشن