پاکستان بھارت کرکٹ سیریز ....بھارتی حکومت سے اجازت نہ ملی
لاہور / نئی دہلی (نیوز ایجنسیاں) بھارتی حکومت کی کلیئرنس کے بعد بھارتی کرکٹ بورڈ پاک بھارت سیریز کے حتمی شیڈول کا اعلان کریگا۔ بھارتی میڈیا کے مطابق بھارتی کرکٹ اینڈ کنٹرول بورڈ نے دورے کا پروگرام حکومت کو بھیج دیا ہے تاہم ابھی تک بھارتی وزارت داخلہ اور وزارت خارجہ سے کلیئرنس نہیں مل سکی۔ پاکستان کرکٹ ٹیم نے26دسمبر سے6جنوری تک بھارت کا دورہ کرنا ہے جو شیڈول پاکستان کرکٹ بورڈ کو منظوری کے لیے بھیجا گیا تھا اس میں تین ون ڈے انٹر نیشنل چنائی،کولکتہ اور نئی دہلی میں رکھے گئے تھے۔ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل بنگلور اور احمدآباد میں ہونا تھے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ احمدآباد میں میچ سے چند دن قبل گجرات صوبے کے انتخابات ہونا ہیں۔ حکومت نہیں چاہتی کہ میچ کی تیاریاں انتخابات کی نذر ہوجائیں۔ ذرائع کے مطابق جیسے ہی بھارتی حکومت نے سیکورٹی انتظامات کوکلیئر کیا، دورے کا باضابطہ شیڈول جاری کردیا جائے گا۔