ٹی ٹونٹی ورلڈکپ کے سیمی فائنل تک رسائی تسلی بخش ‘ کھلاڑیوں کی کارکردگی سے مطمئن نہیں : محسن خان
لاہور(سپورٹس رپورٹر) پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق چیف سلیکٹر محسن حسن خان نے کہا ہے کہ ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ کے سیمی فائنل تک رسائی کو تسلی بخش قرار دیا جا سکتا ہے تاہم کھلاڑیوں کی کارکردگی کو کسی طور پر نہیں، کوچ اور کپتان کو چاہیے کہ وہ پوری قوم کو اصل صورتحال سے آگاہ کریں اتنے دن سے اختیار کی گئی خاموشی سے معاملات مزید خراب ہو رہے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے وقت ٹی وی کے پروگرام گیم بیٹ میں کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ عمران نذیر کو پورا ٹورنامنٹ کھلا دیا گیا۔ اسد شفیق اور عبدالرزاق کو ڈیرسنگ روم تک کیوں محدود رکھا گیا۔ ان کا کہنا تھا کہ ٹیم میں پسند اور نہ پسند کا سلسلہ آج بھی جاری ہے۔ اس موقع پر نوائے وقت کے سپورٹس رپورٹر چودھری اشرف کا کہنا تھا کہ حفیظ ایک کمزور کپتان ہے اسے وقت سے پہلے ٹیم کی کپتانی مل گئی ہے، ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ میں وہاب ریاض اور جنید خان ہوتے تو ہماری ٹیم کی باولنگ کا شعبہ مضبوط ہو سکتا تھا۔ نیوز ون کے سپورٹس رپورٹر آفتاب احمد کا کہنا تھا کہ اگر حفیظ کی بات نہیں مانی جا رہی تو وہ ایک کمزور کپتان ہے اسے عمران خان اور وسیم اکرم کی طرح اپنی ٹیم خود دینی چاہیے تاکہ رزلٹ کے بھی ذمہ دار بن سکیں۔ مسلسل مواقع ملیں تو وہاب ریاض مستقبل کا سٹار باولر ہے۔