• news

گستاخانہ فلم کیخلاف جماعة الدعوة کا مون مارکیٹ سے ساندہ تک حرمت رسول مارچ

لاہور +گوجرانوالہ (سٹاف رپورٹر + نمائندہ خصوصی) گستاخانہ فلم کیخلاف لاہور میں جماعة الدعوة نے ریلی نکالی جبکہ گوجرانوالہ میں جمعیت اہلحدیث کے زیر اہتمام ریلی نکالی گئی، خواتین نے جی ٹی روڈ پر دھرنا دیکر ٹریفک بلاک کر دی۔ تفصیلات کے مطابق جماعة الدعوة نے مون مارکیٹ سے ساندہ سٹاپ تک ریلی نکالی جس سے خطاب کرتے ہوئے مولانا بشیر احمد خاکی نے کہا کہ گستاخان رسول کو اسلامی شریعت کے مطابق سزا دینے کیلئے مسلمانوں کے حوالے کیا جائے اگر عافیہ صدیقی کو پاکستان سے لے جا کر بغیر کسی جرم کے سزا دی جا سکتی ہے تو ملعون ٹیری جونز اور سام بیسائل کو بھی اسلامی قانون کے مطابق سزا ملنی چاہئے۔ شان رسالت میں گستاخیاں کرنے والوں کو پھانسی کے پھندے پر نہ لٹکایا گیا تو مسلمانوں اور صلیبیوں کے درمیان ٹکراﺅ کے ذمہ دار امریکہ، یورپ، پادری اور صلیبیوں کے مذہبی پیشوا ہوں گے۔ امیر جماعة الدعوة لاہور مولانا محمد حسنین صدیقی نے کہا کہ صدر اوباما توہین آمیز فلم بنانے اور خاکے شائع کرنیوالے کو شہ دے رہا ہے۔ مولانا شمس الرحمن معاویہ نے کہا کہ مسلم حکمرانوں کو چاہئے کہ وہ اقوام متحدہ اور سلامتی کونسل میں انبیاء کی شان میں گستاخی کی سزا موت کا قانون پاس کروائیں۔ مولانا عبدالعزیز المدنی، مولانا ادریس فاروقی، محبوب عالم، حافظ سیف اللہ اعظم، حافظ حبیب الرحمن، حافظ شاہد جانباز، حافظ مسعود جانباز و دیگر نے کہا کہ لوڈشیڈنگ اور مہنگائی کیخلاف جلوس نکالنے کیلئے سیاسی جماعتیں پیش پیش ہوتی ہیں لیکن نبی اکرمﷺ کی حرمت کے تحفظ کیلئے وہ امریکہ کی ناراضگی کے ڈر سے سڑکوں پر نکلنے کو تیار نہیں ہیں۔ کاروں میں طلباء کی کثیر تعداد سمیت مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے ہزاروں افراد نے شرکت کی۔ اس موقع پر شرکاءکی جانب سے ملعون ٹیری جونز اور امریکہ کے خلاف سخت نعرے بازی کی گئی۔ سینکڑوں موٹر سائیکلوں، کاروں، ویگنوں اور بسوں پر مشتمل حرمت رسولﷺ مارچ میں شریک محبان رسولﷺ نے ہاتھوں میں پلے کارڈز، کتبے اور بینرز اٹھا رکھے تھے۔ گوجرانوالہ میں جمعیت اہلحدیث کے زیر اہتمام شیرانوالہ باغ سے تحفظ ناموس رسالت کے سلسلہ میں نکالی جانے والی ریلی کی قیادت باجی صبیحہ ، باجی طوبیٰ اور باجی سعیدہ نے کی۔

ای پیپر-دی نیشن