• news

شمالی وزیرستان میں فوجی کارروائی اپنی مرضی اور استطاعت پر کرینگے: شیری رحمان

 اسلام آباد (ثنا نیوز) امریکہ میں پاکستانی سفیر شیری رحمان نے کہا ہے کہ امریکہ پر واضح کر دیا شمالی وزیرستان میں فوجی کارروائی پاکستان اپنی مرضی اور استطاعت پر کرے گا۔ ایک نجی ٹی وی انٹرویو میں شیری رحمان نے کہا کہ دہشت گردی اور انتہاپسندی کی ہر کوئی مذمت کرتا ہے۔ کسی بھی مذہب میں بے گناہ انسانوں کو مارنا جائز نہیں بلکہ حرام ہے اور ایسا کرنے والے شخص کا کوئی مذہب نہیں ہوتا۔ ملالہ یوسف زئی پر حملے کا ہر ایک کو دکھ ہوا ہے خاص کر ان لڑکیوں پر حملہ جو تعلیم کے حصول کی خواہش رکھتی ہوں اور انہیں اس نیک کام سے روکنا اور نہ رکنے پر سفاکانہ حملہ کرنا کسی انسان کا کام نہیں ہو سکتا۔ نجی ٹی وی پروگرام میں اظہار خیال کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ ملالہ یوسف زئی پر حملہ قابل مذمت ہے، ملالہ پر حملے نے پورے ملک کو متحد کر دیا، تمام جماعتوں نے حملہ کی مذمت کی، ملالہ کی صحت یابی کیلئے دعا گو ہیں۔ ڈرون حملوں کے خلاف پاکستان نے ہمیشہ آواز اٹھائی ہے، ڈرون حملوں کی پاکستان مذمت کرتا ہے، دفتر خارجہ امریکی سفیر کو بھی طلب کرتا ہے۔ انہوں نے کہاکہ اب ایک فون کال پر پاکستان کی خارجہ پالیسی نہیں بنتی، جمہوریت کے دور میں نئی تاریخ رقم کی گئی 6ماہ امریکہ کو پاکستان کے پارلیمان کی آواز کا انتظار کرنا پڑا، امریکہ بھی پاکستان کو نئی نظر سے دیکھ رہا ہے، پاکستان تمام ممالک کے ساتھ تعلقات رکھنا چاہتا ہے۔

ای پیپر-دی نیشن