• news

ایم این اے کے ایما پر جھوٹا مقدمہ درج کرنے والے انسپکٹر کو تھانہ لوئرمال میں پروٹوکول

لاہور (نمائندہ خصوصی) لوئر مال پولیس نے ایک ایم این اے کی ملی بھگت سے منشیات کا جھوٹا مقدمہ درج کرنے والے سابق انچارج انویسٹی گیشن احمد علی گورائیہ کو حوالات میں پروٹوکول دینا شروع کر دیا جبکہ وزیراعلیٰ کے حکم پر اس کیس کی انکوائری کرنے والی خصوصی کمیٹی کے ارکان ڈی آئی جی املیش اور میجر (ر) مبشراللہ نے بھی اپنی رپورٹ میں ایم این اے سے ملی بھگت ثابت ہونے پر انسپکٹر کو قصوروار قرار دیا تھا۔ واضح رہے کہ چند ہفتے قبل انچارج انویسٹی گیشن تھانہ لوئر مال انسپکٹر احمد علی گورائیہ نے ایک ایم این اے کے ایما پر اس کے مخالفین کیخلاف جھوٹا مقدمہ درج کیا تھا۔ مقدمہ میں اپنا نام آنے پر ایم این اے نے وزیراعلیٰ شہباز شریف سے ملاقات کر کے شکایت کی جس پر وزیراعلیٰ نے آئی جی پنجاب حبیب الرحمان کو اس کیس کی اعلیٰ سطح انکوائری کا حکم دیا لہٰذا آئی جی پنجاب نے ڈی آئی جی ملیش اور ڈی آئی جی میجر (ر) مبشراللہ پر مشتمل انکوائری کمیٹی نے بھی انسپکٹر احمد علی گورائیہ کو قصوروار ٹھہرایا تھا۔ اتنا سنگین جرم ہونے کے باوجود تھانے میں انسپکٹر احمد علی گورائیہ کو نہ صرف حوالات کی بجائے تفتیشی تھانیدار کے کمرے میں بیڈ پر سلایا جا رہا ہے بلکہ موبائل فون اور دیگر سہولتیں بھی فراہم کی گئی ہیں۔

ای پیپر-دی نیشن