انتہا پسندوں کو فلاحی ایجنڈا روکنے کی اجازت نہیں دے سکتے: زرداری
اسلام آباد (اے پی پی) صدر مملکت آصف علی زرداری نے ملک سے پولیو کے خاتمے کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے اس بات پر زور دیا ہے کہ ہر بچے کو پولیو سے بچاﺅ کے قطرے پلانے کو یقینی بنانے کے لئے معاشرے کے تمام طبقا ت کو مربوط کوششیں کرنے کی ضرورت ہے۔ وہ پیر کو ایوان صدر میں پولیو کے خاتمے کے لئے تین روزہ ملک گیر مہم کی افتتاحی تقریب سے خطاب کررہے تھے۔ اس موقع پر وزیراعظم آزاد کشمیر چوہدری عبدالمجید، گورنر پنجاب سردار لطیف خان کھوسہ، گورنر خیبر پی کے بیرسٹر مسعود کوثر، وفاقی وزرائ، اراکین پارلیمان، اقوام متحدہ اور دیگر امدادی شراکتی اداروں کے نمائندوں، سفارتکاروں اور اعلی حکام نے شرکت کی۔ صدرمملکت نے کہاکہ قائداعظم کے پاکستان میں انتہاپسندوں کو فلاحی ایجنڈا روکنے کی اجازت نہیں دے سکتے۔ دریں اثناءزرداری نے وزارت قومی غذائی تحفظ و تحقیق پر زور دیا ہے کہ وہ زرعی شعبہ کی ترقی اور کاشتکاروں کی سہولت کیلئے سازگار فضا پیدا کرنے کیلئے جامع قومی غذائی تحفظ پالیسی مرتب کرے۔ انہوں نے یہ بات عالمی یوم خوراک کے موقع پر اپنے پیغام میں کہی جو (آج) منگل کو پاکستان سمیت دنیا بھر میں منایا جا رہا ہے۔ صدر نے کہا کہ پاکستان کے عوام کیلئے خوراک کا حق آئین میں بھی دیا گیا ہے، حکومت اس بنیادی حق کی پاسداری کو اپنا فرض سمجھتی ہے۔