• news

متحدہ اور پیپلز پارٹی کے سوا ہر پارٹی سے اتحاد یا سیٹ ایڈجسٹمنٹ ہو سکتی ہے: منور حسن


لاہور (سٹاف رپورٹر) امیر جماعت اسلامی سید منور حسن نے کہا ہے کہ جماعت اسلامی نے اپنے منشور کا اعلان کر دیا ہے کوئی بھی جماعت تنہا الیکشن نہیں جیت سکتی ہر ایک کو کسی نہ کسی جماعت کے ساتھ اتحاد یا سیٹ ایڈجسٹمنٹ کرنا پڑے گی، ایم کیو ایم اور پیپلز پارٹی کے سوا ہر پارٹی سے اتحاد یا سیٹ ایڈجسٹمنٹ ہو سکتی ہے، ان دونوں جماعتوں کے ووٹر نہ ہمیں ووٹ دیں گے نہ ہمارے کارکن ان کو ووٹ دے سکتے ہیں، جب تک ہمارے رویوں میں تبدیلی نہیں آئے گی انقلاب نہیں آئے گا۔ تبدیلی یہ نہیں کہ پیپلز پارٹی کے بعد کوئی ایسی جماعت برسراقتدار آ جائے جو موجودہ کرپٹ نظام کو مزید آگے بڑھانے کا سبب بنے۔ اب تک جاگیرداروں، وڈیروں اور سرمایہ داروں کا ایک مخصوص طبقہ مختلف بھیس بدل کر اقتدار پر قابض چلا آ رہا ہے۔ ہر الیکشن میں باپ کے بعد بیٹا اور آگے اس کا بیٹا منتخب ہوتا آیا ہے۔ جمہوریت کے لبادے میں یہ لوگ برطانیہ اور امریکہ کے وفادار ہیں۔ جماعت اسلامی کے کارکن اس منشور کو لے کر ہر گھر پر دستک دیں اور لوگوں کو یہ بات سمجھائیں کہ آزمائے ہوئے لوگوں کو دوبارہ ووٹ دئیے تو کرپشن، مہنگائی، بےروزگاری اور امریکی غلامی میں مزید اضافہ ہو گا۔ انہوں نے ان خیالات کا اظہار منصورہ میں جاری پانچ روزہ تربیت گاہ کے آخری سیشن سے خطاب کے دوران کیا۔ منور حسن نے کہا کہ تبدیلی انتخاب سے ہی آنی ہے اور آئندہ چند ماہ میں انتخابات ہوتے نظر آتے ہیں ان انتخابات میں غلطی کی کوئی گنجائش نہیں ہے۔ عوام کو سوچ سمجھ کر اپنے ووٹ کا استعمال کرنا ہو گا۔ الیکشن کی تاریخ کے اعلان کے بعد ہم اپنی حکمت عملی کا اعلان کریں گے۔ ناموس رسالت کے مسئلے کو ٹھنڈا نہیں پڑنے دینا چاہئے۔

ای پیپر-دی نیشن