موبی لنک اور یونیسف کے زیراہتمام ”گلوبل ہینڈ واشنگ ڈے“ منایا گیا
لاہور (پ ر) موبی لنک اور اقوام متحدہ کے ادارے یونیسف نے ہاتھ دھونے کی عادات کو فروغ دینے کے حوالے سے مشترکہ طور پر پاکستان میں گلوبل ہینڈ واشنگ ڈے 2012ءمنانے کا اہتمام کیا۔ اسلام آباد کے ایک اسکول میں خصوصی تقریب کا انتظام کیا گیا جس میں ماحولیاتی تبدیلی کی وفاقی وزارت اور یونیسف کے اعلیٰ عہدیداروں سمیت موبی لنک کے رضاکاروں ”ٹارچ بیئررز“ نے شرکت کی۔ مہم کا مقصد باقاعدگی سے ہاتھ دھونے کی عادت کو عوامی سطح پر اجاگر کرتے ہوئے حفظان صحت کے اصولوں سے متعلق آگاہی پھیلانا ہے۔ اس طرح معاشرے میں صحت و صفائی کو فروغ دیا جاتا ہے یونیسیف نے اس موقع پر پاکستان میں 250,000 بچوں کو ہاتھ دھونے والے صابن مہیا کرنے کے علاوہ 5لاکھ سے زائد بچوں میں ہاتھ دھونے کے فوائد سے متعلق تفصیلی معلومات فراہم کیں۔ ماحولیاتی تبدیلی کے وفاقی سیکرٹری محمود عالم نے کہا کہ اسلام ہمیں سکھاتا ہے کہ صفائی نصف ایمان ہے۔ ہمیں اپنے معاشرے میں حفظان صحت کے اصولوں اور عادات کو فروغ دینے کے لئے اپنے مذہب کی اعلیٰ اقدار اور تعلیمات پر عمل کرنا ہو گا۔ موبی لنک میں کارپوریٹ کمیونی کیشنز شعبے کے سربراہ عمر منظور نے کہا کہ موبی لنک پاکستان بھر میں طبی سہولیات کی ترقی کے وسیع تر عزم کو پورا کرنے کے حوالے سے عوامی سطح پر صحت مند عادات کو فروغ دے رہا ہے۔ پاکستان میں یونیسیف کے سربراہ، ڈان روہرمین نے کہا کہ ہاتھ دھونے کی عادت کا فروغ بچوں کے صحت مند مستقبل کے حوالے سے ایک موثر اور باکفایت سرمایہ کاری ثابت ہوتی ہے۔