”طالبہ کا اغوا“ اداکارہ صوفیہ مرزا گرفتار، اعلی شخصیات کی مداخلت پر رہا
لاہور (نمائندہ خصوصی + کلچرل رپورٹر) سول لائنز انوسٹی گیشن پولیس نے اداکارہ خوش بخت عرف صوفیہ مرزا کو کیولری گراﺅنڈ میں گھر سے صبح ساڑھے 9 بجے لاہور کالج یونیورسٹی کی طالبہ کے اغوا کے الزام میں حراست میں لینے کے چند گھنٹے بعد ہی اعلی شخصیات کی مداخلت پر رہا کر دیا، بتایا جاتا ہے کیولری گراﺅنڈ کی رخسانہ نے تھانہ سول لائنز میں مقدمہ نمبر 896/12 درج کروایا تھا کہ اسکی 18 سالہ بیٹی فاطمہ کو 12 اکتوبر کو اداکارہ صوفیہ مرزا اور اس کی بہن مریم نے اغوا کر لیا ہے۔ تھانہ سول لائنز پہنچایا بھی نہ گیا تھا کہ اعلی پولیس افسروں اور سیاسی شخصیات نے اسکی رہائی کے لئے دباﺅ ڈالنا شروع کر دیا۔ ذرائع کے مطابق لاہور کی سیاسی شخصیت کے اعلی پولیس افسر کے کہنے پر پولیس نے صوفیہ مرزا کا تحریری بیان حاصل کر کے اسے شامل تفتیش کیا اور ساڑھے 12 بجے چھوڑ دیا جبکہ سول لائنز انوسٹی گیشن پولیس کے معتبر ذرائع کا کہنا ہے کہ اداکارہ اور اس کی بہن ابتدائی تفتیش میں طالبہ کے اغوا میں ملوث نظر آ رہی ہیں اگر غیر جانبدار تفتیش کی جائے تو مغویہ کو ان کے قبضہ سے برآمد کیا جا سکتا ہے۔ جبکہ دوسری طرف ماڈل صوفیہ مرزا نے کہا ہے کہ مجھے گرفتار نہیں کیا گیا تھا لڑکی کی گمشدگی کا مجھ پر الزام لگایا گیا۔